.

غربِ اردن:اسرائیلی فوج کی چھاپا مارکارروائی؛80 سالہ بوڑھے فلسطینی کی ہتھکڑی میں موت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل کے مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے میں صہیونی فوج نے ایک گاؤں میں بدھ کو علی الصباح چھاپا مارکارروائی کی ہے۔اس دوران میں اس نے ایک 80 سالہ ضعیف العمر فلسطینی کو گرفتار کر لیا تھا۔وہ بعد میں ایک عمارت میں مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔اس کواس حالت میں بھی ہتھکڑی لگی ہوئی تھی۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے رابطہ کرنے پر اسرائیلی فوج نے فوری طورپر اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔البتہ اس نے بعد میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ضعیف العمر فلسطینی نے مزاحمت کی تھی۔اس پر اس کو گرفتارکر لیا گیا تھا لیکن اس کو بعد میں چھوڑ دیا گیا تھا۔

میئر فوادموتی نے اے ایف پی کوبتایا کہ رام اللہ کے شمال میں واقع گاؤں جیلجیلیا میں علی الصباح چھاپا مار کارروائی میں 30 سے 40 اسرائیلی فوجیوں نے حصہ لیا ہے۔

موتی نے بتایا کہ عمرعبدالمجید اسد اور ان کے خاندان کے دیگر افراد رشتہ داروں سے ملنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ فوجیوں نے انھیں روک لیا۔اسرائیلی فوجیوں نے گاؤں کے وسط میں کاروں کوروکاتھا اور ان میں سوار افراد گرفتار کرلیا اورانھیں ہتھکڑیاں لگادیں۔صہیونی فوجیوں کے گاؤں سے انخلا کے بعد دیہاتیوں کوضعیف العمر عبدالمجیداسد کی نعش ایک زیرتعمیرعمارت سے ملی تھی۔

فلسطینی وزارت صحت نے میئرکی بیان کردہ تفصیل کی تصدیق کرتے ہوئے مزید یہ کہا ہے کہ’’اسد کی موت ’’دل کا دورہ‘‘سے ہوئی ہے۔

ان کی موت رام اللہ کے نزدیک واقع برزیت یونیورسٹی میں فوجیوں اور طلبہ کے درمیان منگل کے روز جھڑپوں کے علاوہ کارچڑھانے کے حملے کے بعد ہوئی ہے۔اس واقعہ میں ایک اسرائیلی فوجی یہودی بستی کے قریب زخمی ہوگیا تھا۔

مغربی کنارے میں فلسطینی آبادی کے مراکز میں اسرائیلی فوجیوں کی دراندازی کے دوران میں اکثرجھڑپیں ہوتی ہیں ۔ اسرائیلی فوجی آئے دن مزاحمتی سرگرمیوں میں شریک فلسطینیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارکارروائیاں کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے1967 کی چھے روزہ جنگ کے بعد سے اس علاقے پرقبضہ کررکھا ہے۔الحاق شدہ مشرقی یروشلم (مقبوضہ بیت المقدس)کو چھوڑکرقریباً 475,000 اسرائیلی مغربی کنارے میں واقع یہودی بستیوں میں رہتے ہیں جسے بین الاقوامی قوانین کے تحت غیرقانونی سمجھا جاتا ہے۔غربِ اردن میں 29لاکھ سے زیادہ فلسطینی بھی آباد ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں