بغداد ہوائی اڈے پرراکٹ حملے کے بعد کویت کی عراق کے لیے پروازیں معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

کویت نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرراکٹ حملے کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظراتوار سے عراق کے لیے اپنی پروازیں ایک ہفتے تک معطل کردی ہیں۔

دریں اثناء عراقی حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس راکٹ حملے میں ملوّث ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کویت ایئرویز نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں عراق جانے والی پروازیں عارضی طور پرمعطل کر دی گئی ہیں۔یہ فیصلہ ’’موجودہ حالات‘‘ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چھے راکٹ داغے گئے تھے جس سے عراق کی مرکزی قومی فضائی کمپنی عراقی ایئرویز کے دو تجارتی طیاروں کو نقصان پہنچاتھا۔

عراق میں حال ہی میں راکٹ اور ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ان حملوں میں اکثرامریکا اوراس کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ عراق کے سرکاری اداروں کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔امریکا اور عراقی حکام ان حملوں کا الزام ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا گروپوں پرعاید کرتے ہیں۔

عراقی حکام نے ہفتے کورات گئے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے ہوائی اڈے پرحملے میں مبینہ طورپر ملوّث ایک شخص کو گرفتارکرلیا ہے۔اس مشتبہ شخص کو نیم خودمختارعلاقے کردستان کے علاقائی دارالحکومت اربیل جاتے ہوئے شمالی صوبہ کرکوک کے قریب ایک چیک پوسٹ پرگرفتار کیا گیا۔ بیان میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

راکٹ حملے کے بعد عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ عراق پر سفری پابندیاں عاید نہ کرے جبکہ عراقی ایئرویز کا کہنا ہے کہ اس حملے سے کوئی رکاوٹ نہیں آئی اور پروازیں جاری رہیں گی۔

عراقی فوج نے الگ سے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ اس نے شمالی صوبے دیالا میں داعش گروپ کے نوعسکریت پسندوں کوہلاک کر دیا ہے۔ان مسلح افراد نے علی الصباح فوجی بیرکوں پر دھاوا بول دیا تھاجبکہ فوجی اندرسوئے تھے۔اس حملے میں 11افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

عراقی فوج نے داعش کے جنگجوؤں پرایف سولہ لڑاکا طیاروں سے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں نو مشتبہ جنگجو مارے گئے ہیں۔عراق میں حالیہ مہینوں میں داعش کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔وہ گذشتہ کچھ عرصے سے شمالی عراق میں متنازعہ علاقے میں سیکورٹی خلا کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور دوبارہ منظم ہورہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں