جدہ : تھائی لینڈ سے آنے والے معتمرین کا گلاب کے پھولوں کے ساتھ استقبال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

تھائی لینڈ سے آنے والے معتمرین کا پہلا دستہ آج جمعرات کی صبح جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچا تو اس کا گلاب کے پھولوں اور خدمات کے مربوط نظام کے ساتھ استقبال کیا گیا۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعلان کے مطابق ان معتمرین کی آمد سعودی فضائی کمپنی کی پرواز کے ذریعے ہوئی۔ ہوائی اڈے پر متعلقہ حکام نے تھائی لینڈ سے آنے والے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

حج ، عمرہ اور زیارت کے قومی کمیشن کے رکن اور سفر و سیاحت کی سعودی سوسائٹی کے رکن ہانی علی العمیری نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے بیچ براہ راست پروازوں کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ اس طرح تھائی لینڈ کے حجاج اور معتمرین براہ راست مملکت آ سکیں گے۔

العمیری کے مطابق تھائی لینڈ سے آنے والے معتمرین مدینہ منورہ جائیں گے۔ وہاں وہ کئی روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ جا کر عمرہ ادا کریں گے۔ اس سلسلے میں معتمرین کے لیے ہوٹلوں میں قیام اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اعلی ترین معیار کی خدمات کی تیاری کر لی گئی ہے۔

العمیری نے باور کرایا کہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اللہ کے مہمانوں کے پہنچنے کے بعد سے لے کر ان کی وطن روانگی تک بہترین خدمات پیش کر رہے ہیں۔ اس دوران میں معتمرین کو مکمل سکون اور سہولت کے ساتھ اپنے مناسک اور دیگر عبادات کی ادائی کا موقع ملتا ہے۔

واضح رہے کہ ریاض اور بنکاک نے جنوری کے اواخر میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی مکمل واپسی پر اتفاق رائے کیا تھا۔ اس کے بعد فروری کے اواخر میں سعودی قومی فضائی کمپنی (سعودیہ) نے تھائی لینڈ کے لیے اپنی اولین پرواز کا آغاز کیا تھا۔ یہ پرواز جدہ سے بنکاک کے لیے تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں