سعودی ولی عہد کا مسجد قباء کے لیے شاہ سلمان توسیعی منصوبے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزيز آل سعود نے مدینہ منورہ میں مسجد قباء کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس توسیع کے دوران میں مسجد کے اطراف اور نواح میں ترقیاتی کام بھی شامل ہے۔ توسیعی منصوبے کو خادم حرمین شاہ سلمان بن عبدالعزيز کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔

نئی توسیع کے ذریعے مسجد کا مجموعی رقبہ 10 گُنا بڑھ کر 50 ہزار مربع میٹر ہو جائے گا۔ مسجد کا موجودہ رقبہ 5 ہزار مربع میٹر ہے۔ اس طرح توسیع کے بعد مسجد میں نمازیوں کی گنجائش 66 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ مسجد قبا سن 1 ہجری میں بنائی گئی تھی۔

سعودی ولی عہد نے یہ اعلان گذشتہ روز مدینہ منورہ کے دورے میں مسجد قبا میں نماز ادا کرنے کے موقع پر کیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ یہ توسیعی منصوبہ مملکت کے پروگرام ویژن 2030 کے اہداف اور مقاصد کو مکمل کرنے کا حصہ ہے۔ توسیع کے منصوبے میں مسجد قبا کے اطراف اور نواح میں واقع علاقوں اور تاریخی مقامات پر بھی ترقیاتی کام شامل ہیں۔ یہ کُل 57 مقامات ہیں جن میں کئی کنوئیں ، کھیت ، باغ اور رسول اللہ ﷺ کے زیر استعمال تین راستے ہیں۔

اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد کا اعزاز رکھنے والی مسجد قبا کو تاریخ کے ادوار میں فن تعمیر اور توسیع کے حوالے سے اہمیت حاصل رہی ہے۔ اس کا آغاز عہدِ نبوی (ﷺ) سے ہوا اور پھر خلفاء راشدین کے ادوار ، اموی اور عباسی ادوار سے گزرتا ہوا موجودہ مملکت سعودی عرب کے قیام پر اختتام پذیر ہوا۔ اس آخری دور میں شاہ عبدالعزیز آل سعود سے لے کر ان کے فرماں روا بیٹوں تک یہ سلسلہ جاری ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں