اسرائیلی فوج کا مسجد الاقصیٰ پر دھاوا، نمازیوں کو باہر نکالنے کی کوشش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ’ایسٹر‘ تہوار کی تعطیل کے موقع پریہودی آباد کاروں کی طرف سے کی جانے والی اپیلوں کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے "آباد کاروں کی اجتماعی دراندازی کو محفوظ بنانے" کے لیے آج صبح مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا، مسجد کے صحنوں سے نمازیوں کو نکالنے کی کوشش کی۔ قبلی نماز گاہ کا محاصرہ کر لیا اور نشانچی مسجد اقصیٰ اور ملحقہ عمارتوں کی چھتوں پر چڑھ گئے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی فورسز نے 25 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کو الاقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا اور یروشلم کے پرانے شہر میں الواد اسٹریٹ کے ارد گرد کے علاقے کو بند کر دیا۔ دوسری طرف اسی وقت یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد مسجد اقصیٰ میں داخل ہو رہی تھی۔

درایں اثنا فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے پیر کے روز کہا ہے کہ اسرائیلی افواج کی طرف سے کی جانے والی جارحیت ایک وحشیانہ عمل ہے جو ایک جرم کے مترادف ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ کارروائی بار بار ہو چکی ہے اور اسے روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے عالمی رہ نماؤں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطے کرتے ہیں۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملے روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا۔

فلسطینیوں کے ساتھ کئی دنوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد اتوار کو اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بولنے کی کوشش کی۔

فلسطینی ہلال احمر نے کہا کہ اس کے عملے نے مسجد اقصیٰ کے اطراف میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران 19 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ جب کہ 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ سرکاری فلسطینی خبر رساں ایجنسی "وفا" نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی افواج نے ایسٹر کے موقع پر سٹن گرنیڈ اور آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی اور یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کے لیے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی۔

العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے 4 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جب کہ اسرائیلی پولیس نے یہودی انتہا پسندوں کی دراندازی کو ممکن بنانے کے لیے قبلہ اول کے اندر متعدد نمازیوں کو گھیرے میں لے لیا۔ ادھر القدس میں اسرائیلیوں کی ایک منی بس پر سنگباری کے نتیجے میں پانچ اسرائیلی زخمی ہوگئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں