بحرین:کابینہ میں اب تک کابڑاردوبدل،17وزراء تبدیل،نائب وزیراعظم کے تین عہدے ختم

نئی کابینہ میں چار خواتین شامل ،شیخ خالد بن عبداللہ آل خلیفہ واحد نائب وزیراعظم رہ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

خلیجی بادشاہت بحرین کے شاہ نے ایک فرمان کے ذریعے کابینہ میں بڑا ردوبدل کیا ہے اور 17 وزراءکے منصب تبدیل کیے ہیں یا ان کی جگہ نئے وزراء کا تقررکیا ہے۔ان میں نیا وزیر تیل بھی شامل ہے۔

شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے دست خطوں سے کابینہ کی یہ نئی تشکیل نومبر میں ایوان زیریں کے انتخابات سے قبل کی گئی ہے ۔

ولی عہد اوروزیراعظم شیخ سلمان بن حمد آل خلیفہ کے زیرقیادت کابینہ میں وزیرتیل محمد بن مبارک سمیت 13 نئے چہرے شامل کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ شاہ حمد نے شیخ سلمان نومبر 2020 میں وزیراعظم مقرر کیا تھا۔

نئی کابینہ 22 ارکان پر مشتمل ہے۔صحت، ہاؤسنگ اور شہری منصوبہ بندی، پائیدارترقی اور سیاحت کے قلمدان چار خواتین کو سونپے گئے ہیں۔ کابینہ کا سب سے کم عمر رکن 36 سال کا ہے۔

منگل کے روز ایک سرکاری ذریعے نے کہا کہ کابینہ میں یہ ردوبدل کووڈ-19 کی وبا کے بعد اقتصادی بحالی کے دور میں ایک اہم وقت پرکیا گیا ہے اور ملک کی توجہ ایک نئے مرحلے میں داخلے پر مرکوزہے۔

بحرین کی کابینہ میں آخری مرتبہ 2002ء میں ردوبدل کیا گیا تھا۔تب 10 نئے وزرا مقرر کیے گئے تھے۔اس سے پہلے کابینہ میں واحد دوسرا ردوبدل 1973ء میں کیا گیا تھا۔

موجودہ ردوبدل میں نائب وزیراعظم کے چارعہدوں میں سے تین ختم کردیے گئے ہیں۔اس کے نتیجے میں شیخ خالد بن عبداللہ آل خلیفہ اب واحد نائب وزیراعظم رہ گئے ہیں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک پر مشتمل اوپیک پلس گروپ کے رکن بحرین گذشتہ سال تک اپنے جی ڈی پی کے 129 فی صد کے برابر مالیت کا مقروض تھا۔

آئی ایم ایف نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ تیل کی اونچی قیمتوں اورغیر تیل جی ڈی پی کی نمو سے اسے اقتصادی اصلاحات لانے اور بجٹ میں توازن قائم کرنے کی سمت کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں اسے مدد ملنی چاہیے۔

واضح رہے کہ جزیرہ نما بحرین کی آبادی صرف 17 لاکھ نفوس ہے اور وہ 2011ء میں عرب بہاریہ تحریک کے زیراثرمظاہروں کے دوران میں بدامنی کا شکار ہوا تھا۔اس نے 2020ءمیں اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کے لیے معاہدۂ ابراہیم پر دست خط کیے تھے۔اس طرح تنازع فلسطین کے حل سے قبل اسرائیل سے تعلقات قائم نہ کرنے کے عرب اتفاق رائے سے علاحدگی اختیار کر لی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں