سعودی شہریوں میں پرتعیش سیاحت کے رجحان میں اضافہ: المسافر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مشرق وسطیٰ میں سیاحت کے رجحانات کا جائزہ لینے والے ایک معروف برانڈ ’’المسافر‘‘ کے مطابق سعودی عرب میں ٹریول بکنگ جون 2019 کے مقابلے میں رواں برس جون میں 28 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔

مملکت کے اومنی چینل ٹریول برانڈ نے کہا ہے کہ بکنگ میں اضافہ صارفین کے سفر کی شدید خواہش کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ پوری دنیا میں کرونا کی وبا میں پابندیوں میں آسانی کے ساتھ فضائی سفر میں اضافہ ہوا ہے۔

المسافر کے سعودی سمر ٹریول ٹرینڈز سے پتہ چلتا ہے کہ مملکت سے آنے والے مسافر پرتعیش رہائش میں قیام کا انتخاب کرتے ہیں جہاں موسم گرما میں ہوٹلوں کی بکنگ کا تقریباً 50 فیصد حصہ پنج تارہ ہوٹلوں میں ہوتا ہے۔

2019 میں سمر ٹریول سیزن کے مقابلے میں ہوٹلوں کے لیے بکنگ کے لیے اوسط آرڈر کی قیمتوں میں 66 فیصد اور پروازوں کے لیے 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اندرون ملک سیاحت کا فروغ

ایک رپورٹ کے مطابق مقامی سیاحت میں 7 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ مقامی افراد نے مملکت کے پرکشش مقامات کی تلاش جاری رکھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عسیر ریجن کے دارالحکومت ابھا کے 2019 کے موسم گرما کے مقابلے میں رواں برس کی بکنگ میں 125 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دبئی، لندن، قاہرہ، پیرس اور شرم الشیخ سعودی مسافروں کے لیے مقبول ترین بین الاقوامی مقامات رہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لندن کے لیے 2019 کے موسم گرما کے مقابلے میں رواں برس کی بکنگ میں 133 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ یکم جون 2022 کو سعودی شہریوں کے لیے الیکٹرانک ویزا کی چھوٹ متعارف کرائی گئی تھی۔

سات جون سے سعودی شہریوں کے تھائی لینڈ جانے کے لیے ویزے سے استثنا کے اعلان کے ساتھ تھائی لینڈ اب بین الاقوامی سفر کے لیے من پسند مقامات میں سے ایک ہے۔

’’المسافر‘‘ کے انتظامی نائب صدر مزمل حسین نے بتایا ’’کہ سفری سہولیات پر اب لوگ مکمل اعتماد کرنے لگے ہیں اور صارفین کے ذوق سیر وسیاحت میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔‘‘

سعودی سیاح گذشتہ برسوں میں کرونا وبا کی وجہ سے سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد رواں موسم گرما میں سیاحت کے لئے من پسند مقامات کے ساتھ نئی سیاحتی مقامات کی تلاش میں بے چین دکھائی دیتے ہیں۔

’’السمافر کے ڈیٹا پر طائرانہ جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ سیر وسیاحت مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے اور ہم اپنی بہترین خدمات کے ذریعے صارفین کی سیر وسیاحت کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں