اردن:دارالحکومت عمان میں رہائشی عمارت منہدم؛ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوگئی،14 افراد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

اردن کے دارالحکومت عمان میں چارمنزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے اور چودہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اردنی حکام نے بتایا ہے کہ عمان کے علاقے جبل اللویبدہ میں واقع اس تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے مزید تین لاشیں نکال لی گئی ہیں۔اس سے پہلے امدادی کارکنان نے دو لاشیں نکالی تھیں۔انھوں نے رات دیر گئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب بھی ملبے تلے بہت سے افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

سکیورٹی فورسز کےترجمان عامرالسرطاوی نے بھی سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ امدادی ٹیموں نے جبل اللویبدہ میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے تین اور لاشیں نکال لی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ علاقائی سکیورٹی کمانڈ اور پولیس اہلکاروں کی ٹیموں کی جانب سے جائے حادثہ پر شہری دفاع کی مدد کی جارہی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

محکمہ شہری دفاع کے ایک ذریعے نے بتایا کہ منہدم عمارت کے ملبے تلے متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں لیکن ان کے بارے میں کوئی درست اعدادوشمار فراہم نہیں کیے گئے۔

حادثے کی جگہ کے باہر ہنگامی گاڑیاں کھڑی تھیں اور امدادی کارکنان عمارت کے زمین بوس ملبے کو ہٹانے کے لیے کھدائی کررہے تھے۔

اردن کے سرکاری خبررساں ادارے بطرا کے مطابق وزیراعظم بشرالخصاونہ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور وہ خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے تھے۔انھوں نے آپریشن ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ منہدم عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اوربچاؤ مشن مکمل ہونے تک کام جاری رکھیں۔

انھوں نے حکام کوعمارت گرنے کی وجوہ کا تعیّن کرنے کے لیے تحقیقات کی بھی ہدایت کی ہے۔امورداخلہ، صحت اور اطلاعات کے وزراء نے بھی ان کے ساتھ تباہ شدہ عمارت کا معائنہ کیا۔

حکومتی ترجمان فیصل الشبول نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ وزیراعظم خصاونہ نے عمان کے میئر اور دیگر حکام کو عمارت منہدم ہونے کی وجوہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

اردن کے نائب وزیراعظم توفیق کریشان نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ ’’اس عمارت کے گرنے کی وجوہات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ پرانی اورخستہ حال تھی‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ اس کے آس پاس کی عمارتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دریں اثناء استغاثہ نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔جبل اللویبدہ عمان کے قدیم ترین علاقوں میں سے ایک ہے۔اس میں تعمیرشدہ بہت سی عمارتیں بیسویں صدی کے اوائل سے تعلق رکھتی ہیں اور یہاں بڑی تعداد میں تارکینِ وطن رہتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں