جنوبی سعودی عرب کے صوبہ جازان کے علاقے میں سول ڈیفنس ڈویژن صبیہ اور الریث کے علاقوں میں دو افراد سیلاب میں بہ گئے تھے کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ سول ڈیفنس نے ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے وضاحت کی کہ رضاکار ٹیموں کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سول ڈیفنس نے اپنے سرچ آپریشنز کے تصاویر بھی جاری کی ہیں ۔ عسیر کے علاقے میں سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے وادی عتود میں سیلاب میں ڈوب جانے والے ایک شخص کو نکالا تھا۔
جازان کے علاقے میں درمیانے سے لیکر شدید حد تک بارشیں ہوئی ہیں۔ بارشوں کے ساتھ تیز اور گرد آلود ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ قومی موسمیاتی مرکز نے ہفتہ کے روز کی اپنی موسم کی رپورٹ میں درمیانے درجے کی بارش اور طوفانی ہواؤں کے امکان کو ظاہر کیا ہے۔ گرد و غبار کے باعث حد نگاہ کم ہونے اور بارش اور ژالہ باری کے باعث سیلاب کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ جن علاقوں میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے ان میں جازان، نجران، عسیر، الباحہ ، مکہ مکرمہ کے بلند علاقے اور الشرقیہ کے علاقے شامل ہیں۔