جی سی سی کی اسرائیلی وزیرکے فلسطینیوں سے متعلق بیان پرامریکا سے کردار ادا کرنےکی اپیل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے امریکا کے اعلیٰ سفارت کار کو ایک خط لکھا ہے اور اس میں اسرائیلی وزیرخزانہ کے متنازع بیان کی مذمت کی ہے جس میں انھوں نے فلسطینی عوام کے وجود سے ہی انکار کیا تھا۔

جی سی سی نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن کو لکھے گئے خط میں واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو نشانہ بنانے والے تمام اقدامات اور بیانات کا جواب دینے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

چھے رکن ممالک پرمشتمل جی سی سی کے وزرائے خارجہ کے خط میں امریکاپرزور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازع کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل تک پہنچنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیرخزانہ بیزلیل سموٹریچ نے اس ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ فلسطینی ایک قوم کے طور پر موجود نہیں ہیں، جس پرعرب ممالک میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے سموٹریچ کے بیان کونہ صرف غلط بلکہ انتہائی تشویش ناک اور خطرناک قراردیاہے۔

سموٹریچ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی دائیں بازو کی انتہاپسند حکومت کا حصہ ہیں۔اس نے دسمبر میں اقتدار سنبھالا تھا۔

خلیج تعاون کونسل کے وزراء نے سموٹریچ کے اس بیان کی بھی مذمت کی جس میں انھوں نے مغربی کنارے میں واقع فلسطینی گاؤں حوارہ کو 'ختم' کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔انھوں نے یہ بیان فروری میں حماس کے ایک مبیّنہ عسکریت پسند کی فائرنگ سے دو اسرائیلیوں کی ہلاکت کے بعد جاری کیا تھا۔

جی سی سی کے وزراء خارجہ نے گذشتہ ہفتے سعودی دارالحکومت الریاض میں ملاقات کی تھی۔اس میں شامل دو ممالک متحدہ عرب امارات اور بحرین امریکا کی ثالثی میں 2020ء میں طے شدہ معاہدہ ابراہیم کے تحت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائے تھے۔

حالیہ مہینوں میں اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔اس فلسطینی علاقے پر اسرائیل نے سنہ 1967 کی چھے روزہ جنگ کے بعد سے قبضہ کررکھا ہے۔

محکمہ خارجہ نے منگل کے روزاسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے 2005 میں خالی کرائے گئے مغربی کنارے کے علاقوں میں اسرائیلیوں کے رہنے پر پابندی کے قانون کے ایک حصے کی تنسیخ پر تنقید کی تھی اوراسے 'اشتعال انگیز' اورواشنگٹن سے کیے گئے وعدوں کے براہ راست منافی قرار دیا تھا۔

انٹونی بلینکن نے امریکی سینیٹ کی ایک کمیٹی کے روبرو بیان میں فلسطینیوں کے بارے میں اسموٹریچ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی اقدار کی عکاسی نہیں کرتا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں