دبئی میں اسرائیلی شہری کا قتل دو خاندانوں کے درمیان تنازع کا شاخسانہ :پولیس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

دبئی پولیس نے کہا ہے کہ امارت میں بدھ کو ایک اسرائیلی شہری کا قتل دو خاندانوں کے درمیان دیرینہ تنازع کا شاخسانہ ہے۔پولیس نے قتل کی اس واردات میں ملوث ہونے کے الزام میں آٹھ اسرائیلی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔

حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مرکزی سیاحتی مرکز دبئی کے علاقے بزنس بے میں بدھ کے روز ان اسرائیلیوں نے چاقوکے پے درپے وار کرکے 33 سالہ غسان شمسیہ کو شدید زخمی کردیا تھا اور وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔

Advertisement

دبئی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کے زیرحراست آٹھ مشتبہ افراد امارت میں سیاحت اور خریداری کی غرض سے ایک یورپی ملک سے آئے تھے۔

ان کی ملاقات ایک کیفے میں شمسیہ سے ہوئی تھی۔ وہاں ان کے درمیان تصادم ہوا جس کے دوران میں تیزدھار آلے کے استعمال کی وجہ سے شمسیہ کی موت واقع ہوگئی۔پولیس نے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ مہلک حملہ دو خاندانوں کے درمیان جاری تنازع کا نتیجہ تھا۔

اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے بدھ کو اے ایف پی کو بتایا کہ متاثرہ شخص کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔انھوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’مقامی حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں‘۔

متحدہ عرب امارات کے اہم سیاحتی مرکز دبئی میں پرتشدد جرائم شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں اور اسی وجہ وہ اپنے ہاں سکیورٹی کی صورت حال پرفخرکرتا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے 2020 میں امریکا کی ثالثی میں معمول کے تعلقات قائم کرنے کے لیے معاہدۂ ابراہیم پر دست خط کیے تھے۔اس کے بعد سے یواے ای میں سیکڑوں اسرائیلی شہریوں کو زائرین اور مکین کے طور پر خوش آمدید کہا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں