سعودی عرب: 4 لاکھ 60 ہزار کیپٹاگون گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی
سعودی عرب میں دوبا بندرگاہ پر 4 لاکھ 60 ہزار کیپٹا گون گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سعودی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے بتایا کہ مشینری کے اندر چھپائی گئی نشہ آور گولیاں قبضہ میں لی گئی ہیں۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس کھیپ کے متوقع وصول کنندگان دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
خیال رہے سعودی عرب گاہے بگاہے نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ ناکام بنانے کا اعلان کرتا رہتا ہے۔ سعودی عرب میں عام طور پر منشیات شام سے آتی ہے اور لبنان کے راستے پھلوں اور سبزیوں جیسے کارگو کے ذریعے منتقل کی جاتی ہے۔ ان گولیوں کو شام اور لبنان میں تیار کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل مئی میں سعودی حکام نے کافی کریمرز کی کھیپ میں چھپائی گئی 82 لاکھ 80 ہزار 78 کیپٹا گون گولیاں ضبط کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سمگلنگ میںملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔