پاکستانی وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ٹیلیفونک رابطہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے معاشی اور مالی استحکام کے لئے ان کی بھرپور حمایت پر تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کیا جو یقینی طور پر پاکستان کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ان کی گہری محبت اور خیال رکھنے کا اظہار ہے۔

وزیر اعظم نے بینک دولت پاکستان میں ایک ارب ڈالر جمع کرانے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ جنوری میں متحدہ عرب امارات کے اپنے کامیاب دورے کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کاپ 28 کے لئے دعوت پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے 6 جولائی 2023 کو کاپ 28 کے نامزد صدر کے دورہ پاکستان کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کے ممکنہ حل کے بارے میں ہونے والی بات چیت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر متحدہ عرب امارات شیخ بن زاید آل نہیان نے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے درمیان گہرے قریبی دوستانہ، برادرانہ تعلقات استوار ہیں، برادر ملک پاکستان کی مدد کرنا ہمارے ملک کی ذمہ داری تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف شاندار قائدانہ صلاحیتیوں کے مالک ہیں، مجھے اعتماد ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی لائیں گے۔

دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی تعلقات کی تاریخ ہے جس کی خصوصیت باہمی اعتماد اور افہام وتفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی مستقل روایت ہے۔

متحدہ عرب امارات 1.7 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے، جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے شیخ بن زاید آل نہیان کو رواں سال سب سے زیادہ تعداد میں یو اے ای سے عازمین کی حج کے لیے روانگی پر مبارک باد پیش کی۔ وزیر اعظم نے یو اے ای کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

مقبول خبریں اہم خبریں