امارات کی طرف سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والے دو دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

امارات کی خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ’ امارات ان مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مستقل طور پر مسترد کرتا ہے جس کا مقصد انسانی اقدار اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے‘۔

وزارت نے پاکستانی حکومت، دوست پاکستانی عوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں جمعے کو مستونگ اور ہنگو میں خودکش حملوں میں 57 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہوئے ہیں۔
جمعے کو صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے لیے جمع ہونے والے افراد کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں کم از کم 52 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکہ مسجد میں جمعے کے خطبے کے دوران ہوا جس سے مسجد منہدم ہو گئی۔ اس وقت مسجد میں 30 سے 40 کے لگ بھگ نمازی موجود تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں