اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، صہیونی بستیوں پر حماس کی راکٹ باری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سات اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے 13 ویں روز جمعرات کو بھی اسرائیل نے غزہ پر بمباری جاری رکھی۔ خوفناک بمباری میں پناہ گزین کیمپ، سکول اور مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بڑی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادتیں ہوئیں۔ یاد رہے جنگ میں 3800 کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے بتایا کہ حماس نے جمعرات کے روز عسقلان، اسدود اور غزہ کے اطراف دیگر اسرائیلی بستیوں پر راکٹوں سے حملے کئے۔ دو راکٹ سدیروت میں جا کر گرے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ کی پٹی میں رعیم فوجی اڈے اور صوفا کے مقام پر راکٹوں اور مارٹروں سے بمباری کی۔

قبل ازیں فلسطینی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی تھی کہ غزہ کی پٹی کے علاقے خان یونس میں بے گھر افراد کے ایک سکول کے قریب اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ غزہ پر اسرائیل کی پرتشدد بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 3800 کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق خان یونس پر اسرائیلی بمباری میں کم از کم 5 افراد کے جاں بحق اور درجنوں کے زخمی ہوئے۔ اس بمباری میں بڑی تعداد میں بچے شہید ہوگئے۔ میڈیا نے اس جارحیت کو نیا قتل عام قرار دیا ہے۔ العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی بمباری نے خان یونس کے گنجان آباد الامل محلے کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

عینی شاہدین کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (انروا) کے قریب سکول کے آس پاس کے رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا۔ اس گھر میں الامل محلے میں بے گھر افراد رہتے ہیں۔

ہسپتالوں میں ادویات کا خاتمہ قریب

فلسطینی ریڈیو کے رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تمام ہسپتالوں میں ادویات کا کوئی ذخیرہ موجود نہیں ہے۔ جمعرات کو وائس آف فلسطین ریڈیو نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ اسے جلد ہی ادویات کے مستقل طور پر ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

قتل عام پر حماس کا ردعمل

حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ اس نے شہریوں کے خلاف اسرائیلی قتل عام کے جواب میں جمعرات کو تل ابیب پر بمباری کی ہے۔ قبل ازیں جنوبی اسرائیل کے شہر عسقلان پر راکٹ باری کی گئی ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل اخبار کے مطابق اس لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 306 ہو گئی ہے۔ اب تک 4629 اسرائیلی زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ یروشلم پوسٹ نے اسرائیلی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی یرغمالیوں کی تعداد 203 ہو گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں