ہسپتالوں کے اطراف شدید بمباری، غزہ کو انٹرنیٹ اور مواصلات سے محروم کردیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں ایک مرتبہ پھر ہسپتالوں کے اطراف شدید بمباری کردی۔ اسرائیل غزہ شہر کے شمال، مغرب اور جنوب مشرق کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے حملے کر رہاہے۔ ادھر فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے اتوار کو اعلان کیا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مواصلاتی لائنوں کو تیسری مرتبہ پھر منقطع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروسز معطل کرکے اسرائیل نے بڑے پیمانے پر حملے شروع کردئیے ہیں۔

کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہمیں غزہ کی پٹی کے ساتھ تمام مواصلاتی اور انٹرنیٹ خدمات کی مکمل تعطل کا اعلان کرتے ہوئے افسوس ہے۔ مرکزی روابط جو منسلک کردئیے گئے تھے اب پھر اسرائیل نے انہیں دوبارہ منقطع ہوکردیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین نے اتوار کو اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے شاطئی کیمپ، زیتون کالونی اور الرمال محلے پر آدھے گھنٹے کے اندر 100 سے زیادہ پرتشدد اسرائیلی حملے کئے گئے۔

حماس نے اعلان کیا کہ متعدد اسرائیلی چھاپوں میں الشفاء ہسپتال کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حماس نے کہا وہ اسرائیل کے الزامات کے حوالے سے غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں کا معائنہ کرنے کے لیے کسی بھی بین الاقوامی تنظیم کے افراد کو وزٹ کرانے کے لیے تیار ہے۔ یاد رہے اسرائیل اپنی جارحیت کو جواز فراہم کرنے کے لیے الزام عائد کرتا ہے کہ ہسپتالوں میں حماس کے افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ حماس نے مزید کہا کہ شدید اسرائیلی بمباری نے غزہ کی پٹی کے متعدد ہسپتالوں کو نشانہ بنایا۔

دریں اثنا اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس کی افواج نے گزشتہ گھنٹوں کے دوران غزہ میں 150 مقامات پر بمباری کی۔

چونکہ غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں کی گنجائش سے زیادہ زخمیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ، الاقصی شہداء ہسپتال کے ڈائریکٹر نے کہاکہ ہم زخمیوں کے درمیان تفریق کے اصول پر کام کر رہے ہیں۔ پہلے سنگین زخمیوں کا علاج کیا جائے اور دیگر کو چھوڑ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال اب زخمیوں کو معمولی سی خدمات بھی فراہم کرنے کے قابل نہیں رہا۔

قبل ازیں فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے طبی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی تھی کہ گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 200 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔

دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جنگجو اتوار کی صبح اور گزشتہ رات غزہ کے شمال مغرب میں اسرائیلی فوج کے ساتھ مسلح جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

بریگیڈز نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ان کے جنگجوؤں نے بہت سے اسرائیلی فوجیوں کو دو بدو لڑائی میں ہلاک کردیا ہے۔ انہوں نے جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی ٹینک کو بھی تباہ کر دیا۔ تحریک اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے کہا ہے کہ اس کے مجاہدین غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مشرق میں گھسنے والی اسرائیلی فوج کے خلاف جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ زمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔

غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع نصیرات کیمپ کے شمال مغرب میں پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ غزہ شہر کے جنوب مغرب کے علاقے میں وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوئیں۔ فلسطینی وزیر صحت نے اتوار کو کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ میں اب تک 4800 بچوں سمیت 9,700 سے زیادہ افراد شہید ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف 1,538 سے زیادہ اسرائیلی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں