فلسطین اسرائیل تنازع

الشفاء ہسپتال پر حملے کے لیے اسرائیل سے جواب طلب کیا جائے: سعودی وزارتِ خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ اسرائیل سے شہریوں اور طبی عملے کے خلاف انسانی قوانین کی ان خلاف ورزیون کا جواب طلب کیا جائے جو غزہ کے سب سے بڑے ہسپتالوں میں سے ایک پر حملے کے دوران کی گئیں۔

وزارت نے پلیٹ فارم ایکس پر دیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ مملکت ایک دن قبل الشفاء ہسپتال پر اسرائیل کے چھاپے اور اردن کے فیلڈ ہسپتال کے اردگرد کے علاقے پر بمباری کی مذمت اور اسے مسترد کرتی ہے۔

وزارت نے کہا، "مملکت اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے بچوں، خواتین، شہریوں، طبی سہولیات اور امدادی ٹیموں کے خلاف مسلسل انسانی خلاف ورزیوں اور قابض فوج کی وحشیانہ اور غیر انسانی کارروائیوں کے نتیجے میں بین الاقوامی احتساب کے طریقۂ کار کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔"

وزارت نے مزید کہا کہ ایسے افعال "بین الاقوامی انسانی قانون اور تمام بین الاقوامی اصولوں اور معاہدات کی صریح خلاف ورزی اور شہریوں اور طبی عملے کو واضح طور پر نشانہ بناتے ہیں۔"

اسرائیلی افواج نے بدھ کو علی الصبح الشفاء ہسپتال پر یہ دعویٰ کرنے کے بعد چھاپہ مارا کہ احاطے کے زیرِ زمین حماس کے عسکریت پسندوں کا کمانڈ سینٹر ہے۔

اسرائیلی فوج نے چھاپے کے بعد بتایا کہ احاطے کے اندر ایک نامعلوم عمارت سے خودکار ہتھیار، دستی بم، گولہ بارود اور فلک جیکٹس برآمد کی گئیں۔

یہ ہسپتال ایک پناہ گاہ رہا ہے جہاں غزہ پر اسرائیلی جنگ کے بعد کئی شہریوں نے پناہ لی جو حماس کے عسکریت پسندوں کے 7 اکتوبر کو اسرائیلی سرحد کے پار گھس کر حملہ کرنے کا نتیجہ تھی۔ اس حملے میں 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

غزہ پر اسرائیل کے جوابی حملوں میں 11,500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں کم از کم 4,710 بچے اور 3,160 خواتین شامل ہیں۔

غزہ کی پٹی کی سنگین صورتِ حال نے بالآخر بدھ کی شام اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک قرارداد منظور کرنے پر مجبور کیا جس میں انسانی امداد کی رسائی کی اجازت دینے کے لیے لڑائی کو کئی دنوں تک اور فوراً روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

جمعرات کو ایک الگ بیان میں سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے ووٹنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے "صحیح سمت میں پہلا قدم" تھا تاکہ کارروائی کی جائے اور اسرائیلی افواج سے اس کے اقدامات کا جواب طلب کیا جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں