اسرائیل کا الاھلی عرب ہسپتال پر بھی دھاوا، غزہ سٹی پر مکمل کنٹرول کی کارروائی شروع

ایندھن کی کمی سے غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز مکمل طور پر معطل ہوگئی ہیں: اقوام متحدہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

غزہ میں اسرائیلی فلسطینی لڑائی اور کشیدگی 41 ویں روز بھی جاری رہی۔ عرب اور بین الاقوامی کوششوں کے باوجود جنگ بندی کی کوئی امید نظر نہیں آرہی۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے نے وزیر دفاع یوو گیلانٹ کے حوالے سے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے پورے مغربی حصے کا کنٹرول مکمل کر لیا ہے فوج نے پورے شہر کو کنٹرول میں کرنے کا اگلا مرحلہ شروع کردیا ہے ۔

گیلانٹ نے کہا شفا ہسپتال میں اہم نتائج سامنے آئے ہیں۔ افواج درست اور فیصلہ کن طریقے سے کام کر رہی ہیں۔ فضائی، بحری اور زمینی افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ آپریشن کیا جارہا ہے۔ اسی طرح صہیونی فورسز بھرپور انٹیلی جنس معلومات سے بھی لیس ہوکر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

واضح رہے اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے غزہ کی پٹی کے ساتھ رابطے مکمل طور پر منقطع ہو گئے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل ہوگئی ہیں۔ انروا کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ غزہ کی پٹی ایک بار پھر مکمل طور پر مواصلاتی تعطل کا شکار ہوگئی ہے اور یہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے ہوا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں معمدانی ہسپتال جسے الاھلی عرب ہسپتال بھی کہتے ہیں پر دھاوا بول دیا ہے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے ہسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ہلال احمر نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ اس کی ایمبولینسز کا عملہ زخمیوں تک پہنچنے سے قاصر ہوگیا ہے۔

فلسطینی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کل شام سے لے کر اب تک الاھلی عرب ہسپتال میں تقریباً 100 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

العربیہ اور الحدث کے نامہ نگاروں نے بتایا کہ حماس نے سدروت اور غزہ کے آس پاس کے قصبوں کی طرف راکٹ فائر کئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی افواج نے غزہ بندرگاہ پر آپریشنل کنٹرول مکمل کر لیا ہے۔ صہیونی فوج نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ اس بندرگاہ کو حماس دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہی تھی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ فوج نے غزہ میں بندرگاہ کے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور علاقے کی تمام عمارتوں کو "کلیئر" کر دیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں