مشرق وسطیٰ

غزہ: عارضی سیزفائر کا پہلا روز، دونوں جانب سے قیدیوں کی رہائی کا آغاز

حماس نے 10 تھائی شہریوں سمیت 24 اسرائیلی، جواب میں اسرائیل سے 39 فلسطینی بچے اور خواتین رہا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے سات اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے 24 یرغمالیوں کو رہا کر دیا جبکہ اس کے بدلے میں اسرائیل نے اپنی جیلوں میں قید 39 فلسطینی بچوں اور خواتین کو آزاد کر دیا۔

مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 4 روزہ جنگ بندی کا آج باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

عارضی جنگ بندی کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے ہوا ہے جو اگلے چار روز یعنی منگل کی صبح سات بجے تک جاری رہے گا۔ جنگ بندی کے دوران اسرائیل حماس معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ کیا جانا ہے۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے شہریوں سمیت 24 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے۔

حماس کے حمایتی سمجھے جانے والے فلسطینی نشریاتی ادارے نے بتایاکہ القسام بریگیڈز نے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جس کے بعد ریڈ کراس نے انہیں مصر کے حوالے کر دیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق القسام کی قید سے رہائی پانے والوں میں دہری شہریت کے حامل افراد سمیت 13 اسرائیلی، 10 تھائی اور ایک فلپائن کا شہری شامل ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی اہلکار نے بھی حماس کی جانب سے 13 یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر مقبوضہ تل ابیب کے مضافات میں قائم شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

وہیں اسرائیلی ریڈیو نے کہا ہے کہ ابتدائی طبی معائنے میں تمام یرغمالیوں کو صحت مند قرار دیا گیا۔

حماس کی جانب سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بعد قابض فوج نے بھی 39 فلسطینی قیدی خواتین اور بچوں کو رہا کر دیا۔

فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے عوفر جیل منتقل کیا گیا جہاں سے 24 فلسطینی خواتین اور 15 بچوں کو اسرائیلی حکام رہا کرتے ہوئے ریڈ کراس کے حوالے کیا۔

رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے سے ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے 39 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے تحت اسرائیل ہر یرغمالی کی رہائی کے بدلے 3 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں