مشرق وسطیٰ

دل چیر دینے والی تصاویر: غزہ میں پانچ لاکھ سے زائد افراد فاقوں کا شکار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

غزہ کے پانچ لاکھ سے زائد افراد یعنی ایک چوتھائی آبادی فاقوں کا شکار ہے۔ اس امر کا اظہار اقوام متحدہ اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے جمعرات کو ایک نئی رپورٹ پیش کردہ رپورٹ میں کیا گیا ہے جس میں غزہ میں پیدا شدہ انسانی بحران کو اجاگر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں پیش کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق وہاں کے لوگوں کی بھوک کی صورتحال حالیہ برسوں میں افغانستان اور یمن کے تقریباً قحط کی صورتحال تک سے بدتر ہو چکی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سات اکتوبر کو جب سے اسرائیل نے حماس کے حملے کے جواب میں اپنی فضائی اور زمینی کارروائی شروع کی ہے وہاں خوراک کی انتہائی نا کافی مقدار کی ترسیل ہو سکی ہے جس کی وجہ سے اس وقت وہاں کی ایک چوتھائی آبادی فاقہ کشی کا سامنا کر رہی ہے۔ اور یہ صورت حال دن بہ دن مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کے چیف اکانومسٹ عارف حسین نے کہا،''اس سے زیادہ بدتر صورت حال اور کیا ہوسکتی ہے، غزہ میں جس پیمانے پر یہ ہورہا ہے اور جتنی تیزی سے ہورہا ہے، میں نے ایسا کبھی نہیں دیکھا۔‘‘

انہوں نے کہا ہے کہ یہ ایسی صورتحال ہے جس میں غزہ میں تقریباً ہر شخص بھوکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور حماس کے درمیان اسی سطح پر جنگ جاری رہی اور خوراک کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو وہاں کی آبادی کو اگلے چھ ماہ میں ایک مکمل قحط کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق غزہ کے انیس لاکھ رہائشی یعنی اسی فیصد سے زیادہ آبادی اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکی ہے۔ اور اس وقت دس لاکھ سے زائد لوگ اقوام متحدہ کی پناہ گاہوں میں کسمپرسی کی حالت میں رہ رہے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے امدادی کارکنوں نے جمعرات کو شمالی غزہ کے دو ہسپتالوں کے دورے کے بعد ''ناقابل برداشت'' مناظر کی اطلاع دی۔

انہوں نے بتایا کہ بغیر کسی علاج کے بستروں پر پڑے زخمی پانی پانی پکار رہے تھے، چند ایک باقی رہ جانے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کے پاس کوئی طبی سامان نہیں تھا اور لاشیں صحن میں قطاروں میں پڑی تھیں۔

خیال رہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیل نے غزہ کے علاقے میں خوراک، پانی، دوائیں اور ایندھن کی تمام ترسیلات روک دی تھیں۔ امریکہ کے دباؤ کے بعد اس نے مصر کے راستے جزوی امداد پہنچانے کی اجازت دے دی۔ تاہم اقو ام متحدہ کی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں خوراک کی ضرورت کا صرف دس فیصد ہی پہنچ پا رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں