مشرق وسطیٰ

خان یونس پر اسرائیلی بمباری، چھاتہ بردار بریگیڈ زمینی کارروائی میں شامل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

غزہ کی پٹی میں مسلسل تیسرے ماہ جنگ جاری رہنے کے بعد جنوبی غزہ کے خان یونس اور رفح کے علاقوں پر اسرائیلی بمباری پھر سے شروع ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ سے العربیہ کے نامہ نگاروں کے مطابق خان یونس کے رہائشی چوک پر اسرائیلی بمباری میں بچوں سمیت 35 افراد مارے گئے۔

العربیہ/الحدث کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ اتوار کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں "شہداء الاقصی" ہسپتال کے آس پاس کے علاقے کو نشانہ بنایا۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق ایک اور اسرائیلی بمباری نے غزہ کی پٹی میں الزیتون محلے اور الاقصیٰ یونیورسٹی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تقریباً 70 افراد شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ غزہ شہر کے جنوب میں واقع الصبرہ کے محلے میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں چھ فلسطینی شہید جب کہ 40 سے زائد اب بھی ملبے تلے دب کر لاپتا ہیں۔

گذشتہ روز فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی طیاروں اور توپخانے کی بمباری میں غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے نصیرات اور مغازی کیمپوں، وسطی غزہ کی پٹی کے علاقے زویدہ اور جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح پر گھروں پر بمباری میں 25 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

چھاتہ بردار بریگیڈ زمینی کارروائی میں شامل

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ فوج کی سات بریگیڈوں میں سے ایک چھاتہ بردار بریگیڈ نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں جاری زمینی کارروائیوں میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

فوج نے ایک بیان میں کہا کہ چھاتہ بردار دستوں نے شمالی غزہ کی پٹی میں دو ماہ کی بڑی لڑائیوں کے بعد خان یونس کے علاقے میں اس ہفتے اپنا مشن شروع کیا۔

فوج کے مطابق اس بریگیڈ کے فوجیوں نے حماس اور باقی مسلح فلسطینی دھڑوں کے انفراسٹرکچر پر حملہ شروع کیا، جن میں مانیٹرنگ مقامات اور ہتھیاروں کے ڈپو شامل ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چھاتہ بردار دستوں نے غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا۔ غزہ کی پٹی کے آس پاس کی بستیوں پر دوبارہ بمباری کی گئی۔

دوسری جانب یروشلم میں العربیہ کے نامہ نگار نے غزہ کی پٹی کے اطراف میں واقع بستیوں پر دوبارہ راکٹوں کی بمباری کی اطلاع دی۔

ادھر غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اتوار کے روز کہا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی کل تعداد 21,822 ہو گئی ہے، جب کہ سات اکتوبر سےاب تک زخمیوں کی تعداد 56,451 ہو گئی ہے۔

وزارت نے مزید کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 150 فلسطینی شہید اور 286 زخمی ہوئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں