اسرائیل لبنان سرحدی جھڑپوں سے لبنان میں 76 ہزار افراد بے گھر: اقوامِ متحدہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

اقوامِ متحدہ کی ذیلی تنظیم برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ سرحد پر تقریباً تین ماہ سے قریباً روزانہ کی لڑائی کے دوران لبنان میں 76,000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔

اکتوبر کے اوائل میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے سرحدی علاقے میں تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں اسرائیلی افواج اور فلسطینی گروپ حماس کی لبنانی اتحادی حزب اللہ کے درمیان جمعہ کو بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ہے۔

جمعرات کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت نے کہا ہے کہ کشیدگی میں اس اضافے نے 76,018 افراد کو بالخصوص اسرائیل کی سرحد سے متصل جنوبی لبنان کے علاقوں میں بے گھر کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بے گھر ہونے والے لبنانیوں میں سے 80 فیصد سے زیادہ رشتہ داروں کے پاس رہ رہے ہیں اور صرف 2 فیصد ملک کے جنوب میں پھیلے ہوئے 14 اجتماعی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں بالخصوص ساحلی شہر ٹائر اور حسبیا کے علاقے میں۔

اقوامِ متحدہ کی ایجنسی نے بتایا کہ باقی لوگوں نے اپارٹمنٹس کرائے پر لے لیے ہیں یا سرحد سے دور علاقوں میں گھروں میں منتقل ہو گئے ہیں۔

اے ایف پی کے ایک شمار کے مطابق سرحد پار سے ہونے والے تشدد کے نتیجے میں لبنان میں 175 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں حزب اللہ کے 129 جنگجو اور تین صحافیوں سمیت 20 سے زیادہ شہری شامل ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق شمالی اسرائیل میں نو فوجی اور پانچ شہری مارے گئے ہیں۔

سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کے خلاف روزانہ کارروائیاں کرنے والی حزب اللہ نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں حماس کی حمایت میں مداخلت کر رہی ہے۔

منگل کو ایک حملے کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا جس میں جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے مضبوط گڑھ میں حماس کے نمبر دو راہنما صالح العاروری ہلاک ہو گئے۔

حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ نے خبردار کیا کہ ان کا گروہ اس قتل کا جس کا بڑے پیمانے پر اسرائیل سے تعلق ہے، "جواب دیئے بغیر نہیں رہے گی"۔

سرکاری اعداد و شمار پر مبنی اے ایف پی کے تعداد کے مطابق اسرائیل نے 7 اکتوبر کے غیر معمولی حملے کے بعد حماس کو "تباہ" کرنے کا عزم کیا۔ اس حملے میں تقریباً 1,140 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

حماس کے زیرِ انتظام علاقے کی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی جوابی کارروائی میں 22,438 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں