امریکا میں بلیک لسٹ ’فلائی بغداد‘ کے مسافر پریشان، کمپنی کو تنقید کا سامنا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکا کی جانب سے عراق کی فضائی کمپنی ‘فلائی بغداد‘ کے سی ای او اور عراقی حزب اللہ بریگیڈز کے تین رہ نماؤں اور حامیوں پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران عراقی سوشل میڈیا صارفین کمپنی کے خلاف ایک مہم چلا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر’یتیم‘ کے عنوان سے جاری مہم میں ’فلائی بغداد‘ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب کی مدد کرنے کا الزام لگنے اور امریکا میں پابندیوں کاسامنا کرنے والی عراقی فضائی کمپنی نے اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ پروازوں کی منسوخی کے بعد اس کے طیاروں پر سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ناراض مسافر کمپنی کے خلاف بھڑک اٹھے

’فلائی بغداد‘ کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کی مبینہ معاونت کے الزامات کے بعد مسافروں کی طرف سے سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں پیرکی شام پرواز منسوخ ہونے کے بعد بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک مشتعل مسافر کو دیکھا جا سکتا ہے جو کمپنی کے خلاف سخت غم وغصے کا اظہار کررہا ہے۔

مسافرنے کہا کہ جو کچھ ہوا کمپنی اس کی ذمہ دار ہے۔ اس نے مطالبہ کیا کہ پرواز منسوخ ہونے کے بعد اسے جو مشکل پیش آئی اس کا ہرجانہ ادا کیا جائے۔ کمپنی اس کے لیے مشکل کھڑی کرنے کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی تمام مسافروں کی انشورنس اور ان کے ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کی پابند ہے۔ کمپنی کو پروازیں منسوخ کرنے سے قبل مسافروں کے لیے متبادل فلائٹس اور ان کی انشورنس کی ادائیگی کو یقینی بنانا چاہیے۔

اس شخص نے چیختے ہوئے مزید کہا کہ ہوائی اڈے پر بزرگ لوگ انتظار کر رہے ہیں۔ ان میں سے کچھ بیمار ہیں۔ پیر کی رات جو کچھ ہوا وہ بڑی شرم کی بات ہے۔

انہوں نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوانی سے بھی مداخلت کی اپیل کی۔

خیال رہے کہ کل سوموار کو امریکی محکمہ خزانہ نے عراقی فضائی کمپنی کے سربراہ بشیر عبدالکاظم علوان الشیبانی پر ایرانی پاسداران انقلاب پرالزام عاید کرتے ہوئے ان پر اقتصادی پابندیاں عاید کی تھیں اور ان کی فضائی کمپنی کو بھی بلیک لسٹ کردیا تھا۔

کمپنی کی جانب سے امریکی الزام کی تردید اور مذمت

دوسری جانب ’فلائی بغداد‘ نے امریکی پابندیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں کسی مادی یا اخلاقی ثبوت پر مبنی نہیں ہیں۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ مادی اور اخلاقی معاوضے کا مطالبہ کرنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ کمپنی نے امریکی الزامات کو گمراہ کن اور غیر حقیقی معلومات پر مبنی اقدام قرار دیا۔

امریکا کی طرف سے سوموار کے روز حماس، عراقی حزب اللہ بریگیڈز کے تین سرکردہ رہ نماؤں اور ’فلائی بغداد‘ پر پابندیاں عاید کیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں