سعودی عرب کی شمالی غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر اسرائیلی حملے کی مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے شمالی غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں معصوم فلسطینی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مملکت کی جانب سے کسی بھی جانب سے کی جانے والی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ اسرائیل کو عالمی انسانی قانون کا احترام کرنے کا پابند بنانے کے لیے واضح اور مضبوط موقف اختیار کرے۔

جاری بیان میں امدادی کارروائیوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی فوری طبی امداد کے لیے انسانی بنیادوں پر راستوں کو کھولا جائے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر طبی امدادی کاموں کا آغاز کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں مزید جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے فوری طور پر جنگ بندی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

دریں اثنا فلسطینی میڈیا ذرائع کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے النابلسی شاہراہ پر بڑی تعداد میں فلسطینی امدادی اشیا کی وصولی کےلیے قطاروں میں کھڑے تھے کہ اچانک اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے ان پربمباری کی گئی جس سے ایک سو کے قریب افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہو گئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں