العربیہ کی 21 ویں سالگرہ پر چینل کا فارمیٹ تبدیل، نئے پروگرامات متعارف

العربیہ نیٹ ورک کی کامیاب نشریات کی دو دہائیاں پوری کرنے پر’جنرل مینجیر کی ملازمین کو مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

’العربیہ نیٹ ورک‘ آج تین مارچ بہ روز اتوار کو اپنی اکیسویں سالگرہ منا رہا ہے۔ اس موقع پر العربیہ کے بلیٹن کو ایک نئے فارمیٹ میں پیش کیا گیا ہے جب کہ ناظرین کے ذوق اور پسند کے مطابق ’العربیہ‘ کی اسکرین پر نئے پروگرامات متعارف کرائے گئے ہیں۔

نامہ نگار حسب معمول مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت فوری اور سب سے پہلے کوریج کا سفر جاری رکھیں گے جبکہ ٹاک شوز میں متعدد عنوانات اور موضوعات پر مہمانوں کے انٹرویوز کے علاوہ محققین اور دانشوروں کی آراء پر مشتمل نئے پروگرامات نشر کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر "العربیہ" اور "الحدث" چینلز کے جنرل مینیجر ممدوح المھینی نے نیوز نیٹ ورک سے وابستہ افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام عملے کی لگن، محنت اور تخلیقی صلاحیتوں پر تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’العربیہ‘ کے عملے کی صلاحیتوں کی بہ دولت چینل تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

المھینی نے مزید کہا کہ "ہمارا اب تک کا سفر حیرت انگیز کامیابیوں پرمشتمل رہا ہے لیکن جو چیز مجھے سب سے زیادہ پرکشش لگتی ہے وہ ہمارے آگے کا راستہ ہے۔ آج ہم العربیہ نیٹ ورک کے 21 ویں سال میں داخل ہو رہے ہیں ہم ایک نئے جذبے کے ساتھ 'تجدید، تحریک اور قربت' کے نعرے کو اپناتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ الفاظ صرف نعرے اور دعوے ہی نہیں بلکہ یہ ہمارے سامعین اور ناظرین ساتھ ہماری وابستگی کا عملی ثبوت ہے"۔

انہوں نے کہا کہ "ہم چینل اور نیٹ ورک پر پیش کیے جانے والے مواد کو مسلسل بہتر بنانے، نئے اور متحرک تناظر کو سامنے لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم اس سفر کو برقرار رکھنے کا عہد کرتے ہیں جو ہمیشہ ہمارے چینل کی پہچان رہا ہے۔ ہماری پروگرامنگ رواں، دلکش اور ناظرین کی دلچسپیوں کی عکاس ہے"۔

جناب المھینی نے اعلان کیا کہ مستقبل کے لیے ’العربیہ‘ کے وژن کے مطابق بلیٹن اور پروگرام ایک نئے فارمیٹ کے ساتھ شروع کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ اپ ڈیٹ جدت اور عمدگی کے لیے ہماری وابستگی کا ثبوت ہے۔ نیا ڈیزائن تازہ، جاندار اور قریب ہونے کی ہماری اقدار کو مجسم کرتا ہے۔ نئے پروگرامات ہمارے سامعین اور ناظرین کو مسحور کریں گے اور ایک نیا معیار قائم کیا جائے گا"۔

انہوں نے اپنے پغام میں ’العربیہ نیٹ ورک‘ کے تمام عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، جذبے اور بہترین کارکردگی کے عزم کہ بہ دولت ہم ایک ایسے مستقبل کے منتظر ہیں جو پہلے سے زیادہ روشن، جدید، متحرک اور قریب تر ہو"۔

اپنے بلیٹن کے نئے اور الگ فارمیٹ کے علاوہ العربیہ چینل نے اپنے اسکرین اور الیکٹرانک پلیٹ فارمز پر آٹھ نئے پروگرام شروع کیے، جن میں سیاحت اور صحت کی دنیا سے لے کر پس پردہ سیاست اور تاریخ تک ناظرین کی مختلف دلچسپیوں اور پسند کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان نئے پروگرامات میں انگریزی زبان میں پوڈ کاسٹ اور ٹاک شوز بھی شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں