آباد کاروں کے تشدد کی وجہ سے مغربی کنارے میں حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں: اونروا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے مہاجرین کے کمشنر جنرل نے مغربی کنارے بہ شمول پناہ گزین کیمپوں کے حالات خراب ہونے سے خبردار کیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں آبادکاروں کے فلسطینیوں پر تشدد کی وجہ سے حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔

نور شمس کیمپ میں اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی حالیہ کارروائی میں جانی نقصان، لوگوں کے گھروں اور عوامی خدمات کو شدید نقصان پہنچا۔

انہوں نے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر مزید کہا کہ نور شمس کیمپ میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے کی گئی حالیہ کارروائی میں "جانی نقصان ہوا اور گھروں اور عوامی خدمات کو شدید نقصان پہنچا"۔

انہوں نے مزید کہا کہ سات اکتوبر کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی کنارے میں کم از کم 112 فلسطینی بچوں سمیت سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں۔

آبادکاروں کا تشدد

فلپ لازارینی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ نقل و حرکت پر پابندیاں اور اسرائیلی آباد کاروں کا تشدد مغربی کنارے کے لوگوں کو کام کے حصول سے محروم کررہا ہے، انہیں روزی روٹی کمانے سے محروم کر دیتا ہے اور "مستقل خوف کی کیفیت مسلط کرتا ہے"۔

انہوں نے کہا کہ "اب وقت آگیا ہے کہ قبضے کو ختم کیا جائے اور سیاسی طریقوں سے اور امن کے حقیقی عزم کے ذریعے طویل ترین حل طلب تنازعہ کو حل کیا جائے"۔

اسرائیلی فورسز نے جمعہ کی علی الصبح فلسطینی شہر طولکرم کے قریب نور شمس کے علاقے میں ایک بڑا حملہ کیا۔ ہفتہ تک مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

اسرائیلی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 14 فلسطینی عسکریت پسند ہلاک اور نو فوجی زخمی ہوئے۔ نور شمس کے رہائشیوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں اب تک صرف پانچ عسکریت پسند شامل ہیں باقی عام شہری ہیں جن میں زیادہ تر بچے ہیں۔

ہزاروں گرفتار

غزہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کریک ڈاؤن کارروائیوں کے دوران ہزاروں فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا اور سیکڑوں کو ہلاک کیا گیا۔ان میں سے زیادہ تر مسلح گروہوں کے ارکان تھے تاہم ان میں فورسز پر پتھراؤ کرنے والے نوجوان بھی شامل تھے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی ایمبولینس ڈرائیور ہفتے کے روزا یہودی آباد کاروں کے حملے میں اس وقت ہلاک ہوگیا جب وہ زخمیوں کو ہسپتال لے جا رہا تھا۔

مغربی کنارہ اور غزہ ان سرزمین میں سے ہیں جن پر فلسطینی ایک آزاد ریاست کے قیام کے خواہاں ہیں۔اس حوالے سے امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے امن مذاکرات ایک دہائی قبل ختم ہو گئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں