نیتن یاھو کو بتا دیا کہ رفح میں فوجی کارروائی کی حمایت نہیں کرتے: امریکی وزیر خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

حماس کے ساتھ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے جاری مذاکرات کے باوجود جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح پر حملہ کرنے پر اسرائیل کے اصرار پر امریکی وزیر خارجہ نے دو ٹوک موقف دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا۔

بدھ کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ بات چیت کے دوران غزہ کی پٹی کے پرہجوم شہر رفح پر امکانی اسرائیلی حملے پر امریکی موقف دہرایا۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ اعلیٰ امریکی سفارت کار نے "رفح پر واضح امریکی مؤقف کا اعادہ کیا ہے"۔ یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے رفح پر حملے کی دھمکی کے دو روز بعد سامنے آیا ہے۔

ملر نے کہا کہ بلنکن نے نیتن یاہو کے ساتھ معاہدے پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ "حماس ہی جنگ بندی کی راہ میں رکاوٹ ہے"۔

بلنکن نے تسلیم کیا کہ اسرائیل نے گذشتہ ماہ امریکی دباؤ کے تحت غزہ جانے والی مزید سڑکیں کھولنے پر رضامندی کے بعد مزید امداد غزہ میں داخل کی ہے۔ میتھیو ملر کے مطابق بلنکن نے اس پیش رفت کی اہمیت اور اسے برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا"۔

رفح آپریشن مشروط نہیں

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اعلان کیا کہ رفح آپریشن کسی اور چیز سے مشروط نہیں ہے اور یہ بات بلنکن پر واضح کردی گئی ہے۔

امریکی اور اسرائیلی حکام نےکہا کہ نیتن یاہو نے بلنکن سے کہا کہ وہ ایسے معاہدے کو قبول نہیں کریں گے جس میں غزہ کی پٹی میں جنگ کا خاتمہ شامل ہو۔

اسرائیل پرحماس کے حملے کے بعد مشرق وسطیٰ کے اپنے ساتویں دورے پر بلنکن نے نیتن یاہو سے ان کے دفتر میں ڈھائی گھنٹے تک اکیلے ملاقات کی۔ بعد میں ملاقات میں ان کے معاونین بھی شامل ہوئے۔

رفح پر حملہ

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نےمنگل کوسخت الفاظ میں کہا تھا کہ رفح سے شہریوں کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شہر پر زمینی حملہ کرنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ حماس اور تل ابیب کے درمیان معاہدہ ہونے کے باوجود وہاں پر فوجی کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ "اسرائیل حماس کو ختم کرنے کے لیے رفح میں داخل ہو گا چاہے قیدیوں اور غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ ہو یا نہ ہو۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "مقاصد کے حصول سے پہلے جنگ کو ختم کرنے کا خیال کوئی آپشن نہیں ہے"۔

اسرائیل کے قریبی اتحادی امریکہ کی قیادت میں کئی بین الاقوامی تنظیموں اور مغربی ممالک نے رفح میں جمع ہونے والے لاکھوں فلسطینی شہریوں کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کسی بھی فوجی کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ نے بھی بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ پوری پٹی میں بے گھر افراد کو پناہ دینے کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں