.

سوات سکول وین پر فائرنگ، ایوارڈ یافتہ طالبہ شدید زخمی

گولی ملالہ یوسفزئی کی گردن میں لگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر سوات میں ایک سکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں امن ایوارڈ یافتہ طالبہ ملالہ یوسفزئی سمیت دو طالبات زخمی ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سوات کے صدر مقام مینگورہ کے محلہ خواجہ آباد میں واقع ایک نجی سکول کی طالبات سکول وین میں سوار ہو رہی تھیں کہ اس دوران نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چودہ سالہ ملالہ شدید زخمی ہو گئیں اور انہیں تشویش ناک حالت میں سیدو شریف کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ملالہ کی گردن میں گولی لگی ہے اور ان کی جان بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ملالہ کو علاج کے پشاور منتقل کرنے کے لئے حکومت نے ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا ہے۔

یاد رہے حکومتِ پاکستان نے ملالہ کو سوات میں طالبان کے عروج کے دور میں بچوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر نقد انعام اور امن یوارڈ بھی دیا تھا۔ انہیں دو ہزار گیارہ میں ’انٹرنیشنل چلڈرن پیس پرائز‘ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔