.

بھارتی فوجیوں کی پاکستانی علاقے پر فائرنگ، ایک شہید، تین زخمی

کنٹرول لائن کے دوسری جانب سے بلااشتعال کارروائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
بھارتی فوج نے پاکستان کے زیر انتظام آزاد جموں و کشمیر میں دو پاکستانی دیہات پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر میں حدِ متارکہ جنگ( لائن آف کنٹرول) کے اس پار تعینات بھارتی فوجیوں نے اتوار کی رات پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر کے سرحدی گاؤں مدھرپور پر فائرنگ کی ہے۔

ایک مقامی سرکاری افسر سردار خلیل احمد نے بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے اس میں دو خواتین اور ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔

انھوں نے آزاد کشمیر کے دو ردراز واقع ایک اور گاؤں بٹل پر بھی بھارتی فوجیوں کی گولہ باری کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ اس گاؤں میں ایک مکان پر گولہ گرنے کے بعد آگ لگ گئی۔ اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے حکام کو روانہ کر دیا گیا ہے۔

ایک مقامی پولیس اسٹیشن کے سربراہ سردار فاروق نے بھی بھارتی کی فائرنگ اور گولہ باری کے واقعہ اور اس میں جانی نقصان کی تصدیق کی ہے۔ دم تحریر پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس واقعہ کے بارے میں کوئی بیان جاری کیا تھا اور نہ پاکستانی فوج کی جانب سے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں کسی کارروائی کی اطلاع سامنے آئی تھی۔