.

پاکستان نے بھارت کو دوسرے ایک روزہ میچ میں ہرا کر سیریز جیت لی

اوپنر ناصر جمشید کی مسلسل دوسری سنچری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
پاکستان نے بھارت کی کرکٹ ٹیم کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پچاسی رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔

بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا لیکن اس کی پوری ٹیم اڑتالیس اوور میں 165رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کے اوپنر بلے بازوں نے ٹیم کو اچھا آغاز دیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 141 رنز بنائے۔محمد حفیظ 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئےاور ناصرجمشید نے مسلسل دوسرے میچ میں اپنی سنچری مکمل کی ۔وہ106 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن ان کے بعد کوئی بھی مڈل آرڈر بلے باز اپنے جوہر نہ دکھا سکا اور وہ یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے اظہر علی صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ یونس خان دس، کپتان مصباح الحق دو اور کامران کمل صفر پر آؤٹ ہوئے۔شعیب ملک چوبیس ،عمر گل سترہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے جدیجا اور اشانت شرما نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔بی کمار، آشون اور رائینا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے دوسو پچاس رنز کے جواب میں بھارت کے اوپنر بلے بازوں نے قدرے اعتماد سے اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن ان کا یہ اعتماد زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا اور بیالیس کے مجموعی اسکور پر بھارت کی پہلی وکٹ گری جب گوتم گمبھیر صرف گیارہ کے رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بھارت کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں اور کوہلی چھے ،یووراج سنگھ نو ،وریندر سیہواگ اکتیس ،سریش رائنا اٹھارہ ،آشون تین ،آر اے جدیجا تیرہ ، بی کمار اور ڈنڈا صفر ،صفر اور شرما دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے اس میچ میں بھی ذمے داری سے بیٹنگ کی اور وہ چوّن رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستانی بالروں نے پہلے ایک روزہ میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی نپی تلی بالنگ کا مظاہرہ کیا اور بھارتی بلے بازوں کو کسی بھی موقع پر کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔پاکستان کی جانب سے سعید اجمل اور جنید خان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شعیب ملک اور محمد حفیظ نے ایک، ایک اور عمر گل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کے اوپنر بلے باز ناصر جمشید کو ان کی شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ان کی ایک روزہ میچوں میں یہ تیسری سنچری ہے اور انھوں نے تینوں سنچریاں بھارت کے خلاف ہی بنائی ہیں۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے اتوار کو چنائی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں بھارت کو چھے وکٹ سے شکست سے دوچار کیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ چھے جنوری اتوار کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔