"برصغیر کے مسلمانوں کی طرح فلسطینی جلد آزادی حاصل کر لیں گے"

فلسطینی صدر کی 3 روزہ دورے پر اسلام آباد آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب برصغیر کے مسلمانوں کی طرح فلسطینی بھی آزادی حاصل کرلیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اسلام آباد میں فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق صدر وہ یہ دورہ آصف علی زرداری کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب فلسطین اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حا صل کرلے گا۔ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقدامات کرے۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی ریاست جس کا دارلحکومت بیت المقدس ہو حمایت کرتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیلی ہتھکنڈوں کے باوجود فلسطین کی جدو جہد آزادی جاری رہے گی۔ اسرائیل کو یہودی بستیوں کی تعمیر یا امن مذاکرات میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے فلسطین کیلئے اقوام متحدہ میں مبصر ملک کی رکنیت کے حصول میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

اس سے قبل اتوار کی صبح جب فلسطینی صدر محمود عباس اسلام آباد میں نور خان ائر بیس پر اترے تو اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے انہیں ہوائی اڈے پر خوش آمدید کہا۔ استقبال کی سرکاری تقریب ان کی ایوان صدر آمد پر منعقد ہوئی جہاں انہیں صدارتی باڈی گارڈز نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

فلسطینی صدر رات اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ اپنے قیام کے دوران وہ دیگر حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں