.

سینئر صحافی پنجاب کے نگران وزیر اعلٰی نامزد

نجم سیٹھی دو روزناموں کے ایڈیٹر رہ چکے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پنجاب میں نگراں وزیراعلی کے لئے سینئر صحافی نجم سیٹھی کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس میں پنجاب کے نگران وزیر اعلٰی کیلئے سینئر صحافی نجم سیٹھی کے نام کا اعلان کیا۔

جیو نیوز کے مطابق پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کئی گھنٹے جاری رہا، جس کے بعد ن لیگ اور اپوزیشن کی چھے رکنی پارلیمانی کمیٹی نے جن چار ناموں پر غورکیا ان میں، ن لیگ کے نامزد کردہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان ،سابق بیورو کریٹ خواجہ ظہیر جبکہ حزب اختلاف کے تجویز کردہ جسٹس ریٹائرڈ زاہد حسین اور سینئر صحافی نجم سیٹھی کے نام شامل تھے۔

پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے نگراں وزیر اعلیٰ کی سمری پر دستخط کردیے ہیں، امکان ہے کہ حلف برداری کی تقریب بدھ کے روز گورنر ہاوٴس میں ہوگی۔ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لمبی چوڑی کابینہ نہیں بناوٴں گا۔ عوام کے نمائندے امانت لینے آئیں گے تو واپس جیو میں لوٹ جاوٴں گا۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کا کام صرف الیکشن کرانا ہے۔ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کی ہدایات پر فوری عمل کیا جائے گا۔ اگر ایسا نہ ہوسکا تو وہ گھر چلے جائیں گے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لمبی چوڑی کابینہ نہیں بنے گی کیونکہ نہ تو معاشی فیصلے کرنے ہیں اور نہ بلند وبالا عمارتیں کھڑی کرنی ہیں۔ اگر غریبوں کے لیے کچھ کرسکے تو ضرور کریں گے۔

کابینہ کے اراکین کی شمولیت کا سوال اٹھا تو نجم سیٹھی نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ صحافیوں کو ہی شامل کرلیں گے تاکہ صحیح اور غلط کا پتہ چلتا رہے۔ اپنی نامزدگی کے سوال پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ بھی تمام لوگوں نے ان کی حمایت کی جس پر وہ سب کے شکر گزار ہیں۔