.

کوئٹہ: بم دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 12 جاں بحق

پولیس بس کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے تباہ کیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں جمعرات کو علی الصباح ایک بم دھماکے میں دس پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب بھوسہ منڈی میں پیش آیا جہاں پولیس کی ایک بس سب کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق سڑک کنارے کھڑے ایک رکشہ میں بم نصب کیا گیا تھا اور جونہی بس وہاں پہنچی اس میں ریمورٹ کنڑول سے دھماکا کر دیا گیا۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بم دھماکے کی زد میں کئی راہگیر بھی آئے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔

تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ لیکن ماضی میں کالعدم عسکریت پسند تنظیمیں سکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ تشدد کی ایسی کارروائیاں کرتی آئی ہیں۔