.

پاکستان: سکول وین میں گیس سلنڈر دھماکا، 15 پندرہ بچے جاں بحق

حادثہ وسطی پنجاب کے ضلع گجرات میں پیش آیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ضلع گجرات کے علاقے کوٹ فتح کے قریب سکول وین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے پندرہ بچے اور ایک سکول ٹیچر جاں بجق جبکہ سات بچے شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی صبح گجرات میں کوٹ فتح کے قریب سکول جاتی ہوئی وین میں گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔

پی ٹی وی کے مطابق یہ وین صبح بچوں کو لے کرسکول جا رہی تھی کہ اس کے سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکے ہوا جس کے بعد وین میں آگ لگ گئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک مقامی پولیس اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ’گاڑی میں آگ اس وقت لگی جب بچے اپنے سکول سے چند ہی کلومیٹر کے فاصلے پر تھے۔‘ اطلاعات کے مطابق گاڑی کے دروازے نہ کھلنے کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

وین میں 23 سے 25 افراد سوار تھے جس میں اکثریت سکول جانے والے بچوں کی تھی۔ بچوں کی عمریں دس سے بارہ سال کے درمیان ہیں۔

اس سے پہلے مقامی پولیس نے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر بتایا تھا کہ اس واقعے میں سترہ بچے ہلاک جبکہ پانچ شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی خبر ملنے کے بعد ریسکیو کارکنان نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کر دیں۔ انہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو گـجرات کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا۔

وین میں آگ لگنے کے بعد وین کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ جس سکول میں بچے پڑھنے کے لیے جار ہے تھے اس کا نام جناح پبلک سکول بتایا جاتا ہے۔

عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے ایک اہلکار کے مطابق شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ کھاریاں اور نیو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔