پاکستانی طیارے میں گڑ بڑ کرنے والے دونوں ''ملزموں''پر فرد جرم عاید

زیرحراست پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کو سوموار کو عدالت میں پیش کیا جائے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

برطانیہ میں دوپاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ایک مسافر طیارے میں گڑ بڑ پیدا کرنے اور اسے اڑانے کی دھمکی دینے کے الزام میں فرد جرم عاید کردی گئی ہے۔

برطانوی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں تیس سالہ طیب سبحانی اور اکتالیس سالہ محمد صفدر سے پی آئی اے کے طیارے میں گڑبڑ پیدا کرنے کے الزام میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ان دونوں مدعاعلیہان کا نیلسن لنکا شائر سے تعلق بتایا گیا ہے اور انھیں سوموار (27مئی ) کو چیمسفورڈ میں مجسٹریٹس کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اس وقت دونوں ایسکس پولیس کی تحویل میں ہیں۔

ان دونوں ملزموں نے مبینہ طور پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 709 میں دوران پرواز گڑ بڑ کی تھی اور طیارے کے کاک پٹ میں داخل ہو کر اس کو اڑانے کی دھمکی دی تھی جس پر پائیلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کو اشارہ دیا تھا۔

ان دونوں مسافروں کی دھمکی کے بعد برطانوی جنگی طیاروں نے پی آئی اے کے مسافر طیارے کو فضاء میں گھیرے میں لے لیا تھا اور اس کو جائے منزل مانچسٹر کے بجائے لندن کے اسٹین اسٹڈ ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔پولیس نے طیارے کی مکمل تلاشی لی تھی اور ان دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔تاہم برطانوی حکام کا خیال ہے کہ اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

پی آئی اے کا یہ بوئنگ 777 مسافر طیارہ پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور سے مانچسٹر جارہا تھا۔اس میں 308 مسافر اور عملے کے 14 ارکان سوار تھے۔اس کو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جمعہ کی رات مانچسٹر روانہ کردیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں