.

سات پاکستانی یونیورسٹیاں دنیا کی 250 ٹاپ جامعات کی فہرست میں شامل

جامعہ قائد اعظم 119، نسٹ 120 جبکہ آغا خان یونیورسٹی 152 ویں نمبر پر رہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی سات جامعات نے ایشیا کی اعلٰی ترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، جو ملک کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔

اعلٰی تعلیم کے ادارے ’ہائیر ایجوکیشن کمیشن‘ کے بیان کے مطابق پاکستان میں اعلی تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے نتائج پوری قوم کے لیے ’’بھرپور نفع‘‘ کی صورت میں نکل رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ میں قائم دنیا کی معروف اور قابل احترام رینکنگ ایجنسی کوا کوریلی سائمنڈز [کیو ایس] کی 2013 کے لیے تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کے مطابق، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد 119 ویں، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی 120 ویں اور آغا خان یونیورسٹی کراچی درجہ بندی میں 152 ویں نمبر پر ہیں۔

کیو ایس کے مطابق لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز 'لمز' اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی لاہور، یونیورسٹی آف کراچی اور یونیورسٹی آف پنجاب بھی ایشیا کی اعلٰی ترین 250 یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔ جب کہ تین پاکستانی جامعات، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد اس وقت زراعت اور جنگلات کے شعبہ جات میں دنیا کی اعلی ترین 200 یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔

اعلٰی تعلیم اداروں کی اس رپورٹ کے بارے میں ہائیر ایجوکیش کمیشن پاکستان (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید لغاری نے کہا کہ گزشتہ برس 6 پاکستانی یونیورسٹیاں ایشیا کی 300 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل تھیں جب کہ اس سال 7 یونیورسٹیاں بہترین 250 یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔

’’یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پچھلے تین سالوں میں ہماری تعلیم کا معیار نمایاں طور پر بلند ہوا ہے ہماری سخت محنت اور جمہوری حکومت کی معاونت کے ساتھ اگلے دو سالوں کے دوران 10 پاکستانی یونیورسٹیاں دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں کا درجہ حاصل کریں گی،‘ ڈاکٹر لغاری نے کہا۔