.

آسٹریلوی دوشیزہ نے پاکستانی کرکٹر سے شادی کیلیے 'ہاں' کہہ دی

وسیم اکرم کی منگیتر شانیرا نے اسلام قبول کر لیا: ہیرالڈ سن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے 30 سالہ آسٹریلوی خاتون سے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آسٹریلوی اخبار 'ہیرالڈ سن' کے مطابق سینتالیس سالہ وسیم اکرم میلبورن سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ شانیرا تھامپسن نامی دوشیزہ سے شادی کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وسیم اکرم نے بالکل روایتی انداز میں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر شانیرا کو شادی کی پیشکش کی، شانیرا نے کہا کہ وسیم اکرم نے روایتی انداز میں شادی کی پیشکش کرکے حیران کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کی جانب سے شادی کی پیشکش زندگی کا سب سے رومانوی لمحہ تھا۔ 'ہیرالڈ سن' کے مطابق سابق پبلک ریلیشن کنسلٹنٹ شانیرا اسلام قبول کر چکی ہیں اور شادی کے بعد پاکستان میں مستقل رہائش اختیار کر لیں گی۔

وسیم اکرم اور شانیرا کی ملاقات2011 میں میلبورن میں ہوئی۔ شانیرا تھامپسن نے وسیم اکرم کو شادی کے حوالے سے اپنے والد سے رابطہ کرنے کا کہا تھا جس پر وسیم اکرم نے شانیرا کے والد سے فون پر بات کی تو انہوں نے بخوشی ان کی بات قبول کر لی۔ وسیم اکرم کی شادی کی تصدیق اُن کے گھر والوں نے بھی کردی ہے۔ شانیرا پہلے بھی کراچی میں وسیم اکرم کے گھر آ چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم کے بچوں نے بھی اپنے والد کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وسیم اکرم کے حوالے سے ان کی اہلیہ ہما کے انتقال کے بعد بھارتی اداکارہ ششمیتا سین کے ساتھ شادی کی خبریں بھی آنا شروع ہوئی تھیں۔ وسیم اکرم کی پہلی بیوی ہما 2009 میں انتقال کر گئی تھیں، جن سے ان کے 17 اور 13 سال کے دو بیٹے ہیں. دونوں بیٹوں نے اپنے والد کی شادی کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔