.

پاکستان: لائن آف کنٹرول پر کوٹلی سیکٹر میں بھارتی گولہ باری

مون سون کے ساتھ گولوں کی بارش بھی جاری، 12 روز میں 34 خلاف ورزیاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں ایک طرف مون سون کی بارشوں کا زور ہے تو دوسری جانب متنازعہ ریاست جموں و کشمیر میں بھی مبینہ طور پر بھارتی فوج کی گولہ باری کی بارش ہے کہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

جمعہ کے روز پاکستانی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا ابتدائی طور پر کوٹلی سیکٹر مرکز بنا اور مبینہ طور پر بھارتی توپوں کا رخ کوٹلی کے مضافاتی علاقوں کی جانب رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز اسی کوٹلی سیکٹر میں آٹھ سو مارٹر گولے فائر ہوئے تھے۔ گویا بھارت کے یوم آزادی پر گولوں کی یہ بارش تھی جو بھارت کے زیر انتظام پونچھ شہر سے متصل اس ضلع کوٹلی کے لیے خاص تھی۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق بارہ دنوں کے دوران مبینہ طور پر بھارت نے 34 مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایسے ہی الزامات بھارت کی طرف سے پاکستان پر بھی لگائے جاتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گیارہ اگست سے چودہ اگست کے دوران کوٹلی اور بٹل سیکٹر میں بھارتی گولہ باری سے دو کشمیری جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے ۔ اسی علاقے میں پاکستان کے چار سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہو چکے ہیں۔