.

پاکستان: تبلیغی جماعت پر دہشت گردوں کا حملہ، تین تبلیغی جاں بحق

پشاور کے مضافات میں ہونے والے اس حملے میں اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے شمال مغربی شہر پشاور میں دو مشتبہ عسکریت پسندوں نے گرینیڈوں کی مدد سے ایک مسجد پر حملہ کر کے کم از کم تین تبلیغی کارکنوں کو ہلاک اور اٹھارہ کو زخمی کر دیا ہے۔

عسکریت پسند مبینہ طور پر موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ سرکاری طور جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوارہو کر آنے والے عسکریت پسندوں نے پشاور کے مضافات میں یہ کارروائی کی ہے۔

ایک سینیئر پولیس افسر رحیم شاہ نے بتایا ہے کہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کے اس مسجد میں پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد موٹر سائیکل پر آئے دو حملہ آوروں نے گرینیڈوں سے تبلیغی جماعت کے افراد پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم تین تبلیغی جاں بحق اور اٹھارہ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس علاقے جمعہ کی صبح ہی تبلیغِی جماعت کے 25 افراد مشتمل ایک گروپ اس مسجد پہنچا تھا تاکہ علاقے میں اسلام کی تبلیغ کر سکیں جنہیں نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایک اور سرکاری ذریعے کے مطابق حملہ آور خیبر ایجنسی کے قبائلی علاقے کی طرف سے آئے تھے۔ واضح رہے یہ پہلا واقعہ ہے کہ عسکریت پسندوں نے خالصتا تبلیغی کارکنوں کو نشانہ بنایا ہے۔