.

جنرل راحیل شریف پاکستان کے نئے فوجی سربراہ مقرر

جنرل ہارون اسلم سپرسیڈ، جنرل راشد چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بنادیے گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں با لاخر نئے آرمی چیف کا تقرر کر دیا گیا ہے۔ بھارت کے خلاف 1971ء کی جنگ میں نشان حیدر پانے والے میجر شبیر شریف کے چھوٹے بھائی لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر نیا آرمی چیف بنایا گیا ہے۔ وہ 29 نومبر کو اپنے اس اعلی ترین فوجی منصب کا چارج ایک باضابطہ تقریب میں سنبھالیں گے۔

جنرل راحیل شریف سینارٹی میں تیسرے نمبر پر تھے۔ انہیں آرمی چیف بنانے کے لیے سینارٹی میں پہلے نمبر پر موجود لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم کو سپر سیڈ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کو فور سٹار جنرل بنا کر چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور جنرل راحیل کو فور سٹار جرنیل بناتے ہوئے پاک فوج کا 16 واں سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

سرکاری طور پر جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق نئے چئیرمین جوائنٹ چیف سٹاف کل 28 نومبر کو اور نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف 29 نومبر کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ جنرل راحیل شریف اس عہدے پر مقرر ہونے سے پہلے جی ایح کیو میں ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔

آج اس نوٹیفیکیشن کے اجراء اور وزیر اعظم کی طرف سے نامزدگی کی صدر سے باضابطہ منظوری سے پہلے جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی، نئے مقرر کیے گئے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے بھی ان سے ملاقات کی۔