.

پاکستان فوج کی اعلی قیادت کی سعودی ولی عہد سے ملاقاتیں

عسکری تعاون بڑھانے پر غور، مفاہمتی یاد داشت پر دستخط شام کے بعد ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ معزز سعودی مہمان کے ساتھ پاکستانی عسکری قیادت نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلح افواج کے دونوں ذمہ داران نے سعودی ولی عہد سے سعودی مہمانوں کی جائے قیام پنجاب ہاوس میں ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے علاوہ خطے کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا ہے۔

ان دونوں اعلی سطح کی ملاقاتوں کے نتیجے میں آئندہ دنوں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افواج کی عسکری تربیت اور دفاعی ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون بڑھنے کا امکان ہے۔

معزز سعودی مہمان تین روزہ دورے کے اختتام پر آج رات وزیر اعظم میاں نواز شریف سے وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات کریں گے جہاں سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کے اعزاز میں وزیر اعظم کی طرف سے عشائیہ دیا جائے گا۔ وزیر اعظم ہاوس میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے سلسلے میں مفاہمت کی ایک یاداشت پر دسخط کیے جائیں گے۔

درایں اثنا سعودی عرب کے وزیر اطلاعات عبدالعزیز محی الدین خوجہ نے پاکستان کے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید سے ملاقات کر کے دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

واضح رہے حالیہ برسوں کے دوران پاکستان آنے والا سعودی عرب کا یہ پہلا ایک کثیر المقاصد اور اعلی ترین سطح کا وفد ہے جس میں متعدد سعودی وزرا، ماہرین اور اقتصادی شعبے سے تعلق رکھنے والے سعودی اکابر شامل ہیں۔ سعودی ولی عہد کی زیر قیادت آنے والا یہ وفد ہفتے کے روز پاکستان پہنچا تھا۔