.

ایشیا کپ میں پاکستان کی بھارت کو ایک وکٹ سے شکست

شاہد آفریدی کی بوم بوم بیٹنگ نے مقابلہ اعصاب شکن بنایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایشیا کرکٹ کپ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے ہندوستان کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی ہے۔

میچ کا پانسہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے میچ کے آخری اوور کی دو گیندوں پر لگاتار چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلائی۔

اس کے بعد ہندوستان تین میں سے دو اہم میچ ہار چکا ہے۔ اگر وہ اگلے میچ میں افغانستان کو شکست بھی دیدے تب بھی آٹھ مارچ کے فائنل میں اس کے پہنچنے کے بہت کم امکانات ہیں۔ ایشا کپ کے اہم میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو چیت کیلئے 246 رنز کا ہدف ملا تھا۔

دوسری اننگز میں پاکستان کو انڈیا کا ہدف مکمل کرنے کیلئے آخری اوور کی چار گیندوں پر نو رنز درکار تھے ۔ جب 200 رنز تھے تو پاکستان کے چار کھلاڑی آؤٹ تھے اور اس کے بعد تیزی سے وکٹیں گریں اور صرف اگلے 36 رنز میں پاکسان کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

اس موقع پر آفریدی نے دو چھکے لگا کر پاکستان کو پانچ ملکی ایشیا کپ میں اہم فتح دلائی۔ آفریدی نے صرف اٹھارہ گیندوں پر 34 رنز بنائےجن میں دو باؤنڈریز اور تین چھکے شامل تھے۔ لیکن اس کی راہ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ہموار کی تھی۔ چونتیس سالہ آفریدی نے اپنی زندگی کے 377 ویں میچ میں پاکستان کو شاندار جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

شیر بنگلا اسٹیڈیم میں مصباح الحق نے ٹاس جیت کر ویرات کوہلی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اٹھارہ رنز پر پہلی وکٹ گرنے سے بھارت کو یہ دعوت مہنگی پڑ گئی۔ خطرناک اوپنر شیکھر دھون 10 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ کپتان ویرات کوہلی صرف پانچ رنز کا اضافہ کر سکے۔

بھارتی کپتان کی امیدوں کے چراغ عمر گل نے گل کیے نوجوان بولر محمد طلحہ نے ون ڈے کیریر کی پہلی وکٹ حاصل کی فاسٹ بولر نے نصف سنچری مکمل کرنیوالے روہیت شرما کو شکار کیا وہ چھپن رنز پر میدان بدر ہوئے۔ اجینکا رہا نے بھی محمد طلحہ کی شاندار بولنگ کا سامنا نہ کر سکے 23 رنز پر چلتے بنے۔

امباتی نے وکٹ پر قدم جمائے ان کے قیمتی 58 رنز بھارت کے اچھے کام آئے پھر رویندرا جدیجہ نے بھی جارحانہ رنز بنائے ان کے ناٹ آؤٹ باون رنز کی بدولت بھارتی حریف گرین شرٹس کو دو سو چھیالیس رنز کا فائٹنگ ہدف دے پائے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا کہ جب بھی ہم انڈیا کیساتھ کھیلتے ہیں وہ ایک عظیم موقع ہوتا ہے اور آج ہمارا دن تھا۔ انہوں نے پریشر کے باوجود بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔

انڈیا کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹیم نے جس طرح چیلنج کو قبول کیا اس پر انہیں فخر ہے۔ 'لڑکوں نے کم رنز کے باوجود اچھی کوشش کی.

انہوں نے کہا کہ ہم نے بیس سے تیس رنز کم بنائے تھے لیکن میچ دوسری جانب ہوگیا۔ مجھے فخر ہے کہ باؤلرز نے لڑائی کو جاری رکھا۔

افغانستان جس نے گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کو ہرا کر سب کو حیران کردیا تھا اب پیر کو ڈھاکہ میں سری لنکا کے مقابل ایک اہم میچ کھیلے گا۔