.

کرم ایجنسی پاکستان میں چھ سکیورٹی اہلکار جاں بحق

ایف سی کا دستہ مناتو جا رہا تھا، گاڑی پر ریمورٹ بم سے حملہ، آٹھ زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں شامل کرم ایجنسی کے وسط میں نامعلوم افراد نے فرنٹئیر کور کی گاڑی کو ریموٹ بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چھ ایف سی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کرم ایجنسی کے وسط میں بدھ کی صبح پیش آیا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں کا دستہ ہنگو سے مناتو کی طرف جارہا تھا کہ ورمیگی کے علاقے میں پہنچنے پر سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے تباہ کر دیا گیا۔

ریمورٹ کنٹرول دھماکے سے فرنٹئیر کور کے چھ اہلکار جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ زخیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ کسی عسکری گروپ نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا ہے۔

واضح رہے عسکریت پسند گروپوں کی طرف سے ایک ماہ کیلیے اعلان جنگ بندی کے بعد حکومت نے بھی عسکریت پسندوں پر فضائی حملے روکنے کا حکم دیا ہے۔ ان دونوں اعلانات کے بعداب تک دو بڑے واقعات ہو چکے ہیں پہلی دہشت گردی اسلام آباد کی ضلع کچہری میں ہوئی اور دوسری اب بدھ کے روز کرم ایجنسی میں کی گئی ہے۔