.

نئی دہلی:پاکستانی ہائی کمیشن کو دھمکی آمیز خط موصول

بھارت سے ہائی کمیشن اور سفارتی عملے کی سکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کو ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس میں ہائی کمشنر عبدالباسط اور سفارتی عملے کے دوسرے ارکان کو دھمکیاں دی گئی ہیں۔پاکستان نے اس دھمکی آمیز خط کے بعد بھارت سے ہائی کمیشن کی سکیورٹی بڑھانے کے لیے کہا ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے بھارتی حکومت کے ایک ذریعے کے حوالے سے اس خط کی تصدیق کی ہے اور ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کو یہ خط چند روز قبل موصول ہوا تھا اور اس میں سفارتی عملے کو سنگین دھمکیاں دی گئی تھیں۔

پاکستانی سفارتی عملے نے منگل کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ کو اس معاملے سے آگاہ کیا ہے جس کے بعد پاکستان نے بھارتی حکام کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا ہے اور اس خط کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس خط کو بھیجنے کے ذمے دار عناصر کا پتا چلایا جاسکے۔

اسلام آباد میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن اور وہاں تعینات عملے کے تحفظ کو یقینی بنانا بھارت کی ذمے داری ہے۔