.

نریندر مودی کی حلف برداری میں نوازشریف کی شرکت کنفرم

ایک روزہ دورے میں نریندر مودی سے ون آن ون ملاقات بھی متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے 26 مئی کو نیو دلہی میں بھارت کے نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے وزیر اعظم کی شرکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ نریندر مودی نے تقریب میںوزیر اعظم نواز شریف کو شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ بھجوایا ہے۔

معاصر عزیز 'دنیا نیوز' کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے مختصر قیام کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے ون آن ون ملاقات کے علاوہ بھارتی صدر پرناب مکھر جی سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دو طرفہ امور، خطے میں قیام امن کے حوالے سے تبادلہ خیال اور دیگر معاملات پر بات چیت کا امکان ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت کے حوالے سے کچھ حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ حکومت کی خاموشی کو اس بات سے تعبیر کیا جا رہا تھا کہ عسکری حلقے وزیر اعظم کی شرکت کو مناسب نہیں سمجھتے تاہم گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے وزیر اعلی پنجاب شہاز شریف کی ملاقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت کے اعلان کے بعد اس تاثر نے دم توڑ دیا ہے۔