.

سعودی ایئر لائنز کی پشاور کے لیے پروازیں معطل

سروس معطل کرنے والی کمپنیوں کے جہازوں کی اسلام آباد میں لینڈنگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

غیر ملکی فضائی کمپنی سعودی ایئر لائنز نے سکیورٹی خدشات کے باعث پشاور سے آنے جانے والی تمام پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر لائنز نے ہفتے کو سعودی عرب سے آنے والی پرواز کا رخ پشاور کے بجائے اسلام اباد کی طرف کر دیا گیا تھا۔ اس پرواز پر پشاور کے تین سے زائد مسافر سوار تھے جنہیں اسلام آباد میں اتار دیا گیا ہے۔

بادی النظر میں لگتا ہے کہ سعودی ایئر لائنز نے پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ پشاور ایئر پورٹ کے حدود میں طیارے پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں کیا ہے۔

اس سے پہلے تین دیگر غیر ملکی ایئر لائنز اتحاد ایئر ویز، ایمریٹس ایئر لائنز اور قطر ایئر ویز نے بھی پشاور ایئر پورٹ کے حدود میں طیارے پر حملے کے بعد یہاں سے آنے جانے والی تمام پروازوں کو معطل کردیا تھا۔ ان ایئر لائنز کی پروازیں اب پشاور کے بجائے اسلام آباد میں اتر رہی ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ بعض دیگر غیر ملکی ایئر لائنز کی بیرونی ممالک سے آنے اور جانے والی پروازیں پشاور ایئر پورٹ سے مسلسل جاری ہے اور ان میں کوئی تعطل نہیں آیا ہے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ پروازیں معطل ہونے کی وجہ سے بیرونی ممالک سے پشاور پہنچنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ چار دن قبل پشاور کے باچا خان بین الاقوامی ایئر پورٹ پر سعودی عرب سے آنے والی قومی ائر لائن 'پی آئی اے' کی پرواز پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک خاتون ہلاک اور عملے کے دو ارکان زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے ایئر پورٹ اور آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا تھا۔