شمالی وزیرستان: امریکی ڈرون حملہ، 8 افراد ہلاک

پاکستانی دفتر خارجہ کا امریکا سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئَے ہیں۔

انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق امریکی ڈرون نے بدھ کو شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے الوارہ منڈی میں ایک مکان اور ایک گاڑی پر چار میزائل داغے ہیں۔یہ علاقہ شمالی وزیرستان کے صدرمقام دتہ خیل سے قریباً ساٹھ کلومیٹر دور واقع ہے۔

اس ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والوں کے بارے میں مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی نے ایک سینیر سکیورٹی عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں دو ازبک جنگجو بھی شامل ہیں۔اس افسر کا کہنا ہے کہ گاڑی ڈرون حملے میں نشانہ بننے والے مکان کے نزدیک کھڑی تھی۔ایسوسی ایٹڈ پریس (اے اپی) کے مطابق ڈرون حملے میں دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں پاک آرمی کالعدم تحریک پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دوسرے جنگجو گروپوں کے خلاف ضربِ عضب کے نام سے گذشتہ تین ماہ سے بڑی کارروائی کررہی ہے جس کی وجہ سے اس علاقے تک صحافیوں کی رسائی نہیں ہے۔اس لیے ڈرون حملے میں مرنے والوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے دتہ خیل میں اس ڈرون حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں اس وقت دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری ہے،اس لیے اس طرح کے حملوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ترجمان نے امریکا پر زوردیا ہے کہ وہ اس طرح کے حملے بند کردے کیونکہ پاکستان ان کو اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔

15 جون سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران پہلے پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر تباہ کن بمباری کی تھی اور اس کے بعد پاک آرمی نے توپ خانے کے ساتھ زمینی کارروائی شروع کی تھی۔شمالی وزیرستان کا 80 فی صد سے زیادہ علاقہ دہشت گردوں سے پاک کرایا جاچکا ہے۔ان میں شمالی وزیرستان کا صدرمقام میران شاہ ،تحصیل میرعلی اور دتہ خیل تک 80 کلومیٹر تک کا علاقہ شامل ہے۔اب تک غیر ملکیوں سمیت ایک ہزار سے زیادہ مشتبہ جنگجو مارے جاچکے ہیں اور ان کی بارودی سرنگیں تیارکرنے والی متعدد فیکٹریاں تباہ کی جاچکی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں