.

شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں فضائی حملے ،21 ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے وفاق کے زیر انتظام دو قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فوج کے فضائی حملوں میں اکیس مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں اور ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی اطلاع کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران اتوار کو طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں گیارہ جنگجو ہلاک اور ان کے دو ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔

ادھر خیبر ایجنسی کے علاقے کوکی خیل میں پاک آرمی نے مشتبہ جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں جن میں دس جنگجو مارے گئے ہیں۔اس علاقے میں فضائی حملوں میں ان کے تین ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان میں پاکستان آرمی کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) اور دوسرے جنگجو گروپوں کے خلاف 15 جون سے ضربِ عضب کے نام سے بڑی کارروائی کررہی ہے۔اس آپریشن کے ساتھ ساتھ امریکی سی آئی اے نے اپنے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں کے ذریعے طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر میزائل حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاک فوج نے دہشت گردوں کی نقل وحرکت کو محدود کرنے کے لیے شمالی وزیرستان کی مکمل ناکا بندی کررکھی ہے اور کسی کو بھی اس کی اجازت کے بغیر کھلے عام نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہے۔آپریشن ضربِ عضب میں اب تک بیسیوں غیرملکیوں سمیت ایک ہزار سے زیادہ مشتبہ جنگجو مارے جاچکے ہیں اور ان کی بارودی سرنگیں تیارکرنے والی متعدد فیکٹریاں تباہ کی جاچکی ہیں۔