.

پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست

آسٹریلیا کے خلاف آخری اوور میں دو رنز بناتے دو کھلاڑی آؤٹ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آسٹریلیا نے ابوظبی میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان کو ایک رن سے ہراکر سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 231 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز بناکر آخری اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کو پچاسویں اوور میں جیت کے لیے دو رنز درکار تھے اور اس کی دو وکٹیں باقی تھیں لیکن اس کے آخری دونوں کھلاڑی چھے گیندوں پر کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔اس طرح پاکستان جیت کے قریب پہنچ کر یہ میچ ہار گیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف اس تیسرے ایک روزہ میچ میں پہلے دو میچوں میں خراب کارکردگی کی وجہ سے حصہ نہیں لیا اور ان کی جگہ تجربے کار کھلاڑی شاہد آفریدی نے کپتانی کی۔ان کی قیادت میں پاکستانی باؤلروں نے نپی تلی باؤلنگ کی اور آسٹریلوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے اور زیادہ رنز کا موقع نہیں دیا۔شاہد آفریدی نے 44 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور سہیل تنویر نے 40 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈی اے وارنر نے 63 گیندوں پر 56 رنزاور اسمتھ نے 105 گیندوں پر 77 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 50 رنز، وکٹ کیپر بلے باز نے 32 اور صہیب مقصود نے 34 رنز بنائے۔کپتان شاہد آفریدی صرف چھے رنز بناسکے۔آسٹریلوی باؤلر گلین میکس ویل کو میچ کا بہترین کھِلاڑی قراردیا گیا ہے۔انھوں نے آخری اورر کرایا تھا اور پاکستانی کھلاڑیوں کو جیت کے لیے درکار دو رنز نہیں بنانے دیے تھے اور دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا تھا۔

آسٹریلیا نے اس سے پہلے شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو 93 رنز سے شکست دی تھی اور دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو واحد ٹی 20 میچ بھی ہرادیا تھا۔اب دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔پہلا ٹیسٹ 22 اکتوبر سے دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔