.

دلیر ملالہ پاکستان کی شناخت ہے:اینجیلا مرکل

نوبل امن انعام یافتہ لڑکی پورے پاکستان کا فخر ہے:نوازشریف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جرمن چانسلر اینجیلا مرکل نے کہا ہے کہ نوبل امن انعام پانے والی دلیر اور بہادر لڑکی ملالہ یوسف زئی پاکستان کی شناخت ہے۔

انھوں نے یہ بات وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کے ساتھ برلن میں منگل کو مشترکہ نیوزکانفرنس میں کہی ہے۔میاں نوازشریف جرمنی کے دوروزہ سرکاری دورے پر ہیں۔انھوں نے اینجیلا مرکل سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

نیوزکانفرنس میں جب میاں نواز شریف سے ملالہ کے بارے میں پاکستان میں منفی تاثر کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انھوں نے اس کو مسترد کردیا اور کہا کہ ''میرے خیال میں ملالہ نے پاکستان کے لیے گراں قدر خدمت انجام دی ہے اور پورے ملک کو انھیں نوبل امن انعام ملنے پر فخر ہے''۔

جرمن چانسلر نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی وزیراعظم نوازشریف سے بات چیت بڑی مثبت ہے اور انھوں نے افغانستان سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ ایک مستحکم افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے اور ہم پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے لیکن اس کے لیے حالات سازگار ہونے چاہئیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت جرمنی کا سرکاری ترقیاتی بنک کے ایف ڈبلیو پاکستان میں ہائیڈرو پاور پلانٹس سمیت مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے لیکن بعض اوقات سکیورٹی کی صورت حال رکاوٹ بن جاتی ہے۔

اس موقع پر میاں نوازشریف نے کہا کہ ''جرمن کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے''۔پاکستانی وزیراعظم جرمن سرمایہ کاروں اور تاجروں کے ایک فورم سے بھی خطاب کرنے والے تھے۔جرمنی کے بعد وہ 12 اور 13 نومبر کو برطانیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ لندن میں منعقد ہونے والی پاکستان یو کے انرجی ڈائیلاگ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔